عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان ابراہیم زلفقاری کا کہنا ہے کہ امریکہ براہ راست جنگ میں شامل ہو گیا ہے اور اس نے ایران کی ’مقدس سرزمین‘ کی خلاف ورزی کی ہے۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تہران میں رجیم چینج کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران کی موجودہ حکومت ملک کو عظیم نہیں بناتی تو رجیم چینج کیوں نہیں ہو گی۔
ایرانی میزائل حملے کے سبب ہزاروں شہری بجلی سے محروم ہوگئے: اسرائیلی وزیر
اسرائیل کے وزیرِ توانائی کا کہنا ہے کہ آج صبح ایرانی میزائل حملوں کے بعد ملک میں تقریباً آٹھ ہزار افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
ایلی کوہن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام نے ’بجلی کی تنصیبات کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کی صورت میں پہلے ہی تیاریاں‘ کر رکھی تھیں اور آئندہ تین گھنٹوں میں وہ بجلی کی فراہمی بحال کر دیں گے۔
اس سے قبل اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن (آئی ای سی) نے ملک کے جنوب میں ’ایک سٹریٹجک مقام پر نقصان‘ کی اطلاع دی تھی جس کے سبب متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی۔
اسرائیلی کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ ’آئی ای سی کی ٹیمیں متعدد مقامات کی طرف بھیج دی گئی ہیں اور ان کا مقصد جلد از جلد بجلی کی فراہمی بحال کرنا ہے۔‘
آئی اے ای اے کی ایران میں جنگ بندی کی اپیل, بیتھنی بیل، ویانا
،تصویر کا ذریعہReuters
جوہری سرگرمیوں کی نگرانی کرنے والے اقوامِ متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل اٹامک ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافیل گروسی نے ایران میں جنگ بندی کی اپیل کی ہے تاکہ ادارے کے معائنہ کار ایران میں جوہری مقامات کا معائنہ کر سکیں۔
ایک بیان میں گروسی کا کہنا تھا کہ: ’گراؤنڈ پر موجود حقائق جاننا کسی بھی معاہدے کی پیشگی شرط ہے اور یہ آئی اے ای اے کے جائزے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ کشیدگی میں کمی اور سکیورٹی کی بہتری ضروری ہے تاکہ ایران آئی اے ای اے کی ٹیموں کو وہاں حالات کا جائزہ لینے کی اجازت دے سکے۔
’یہ جنگ شروع آپ نے کی ہے لیکن اسے ختم ہم کریں گے‘: پاسداران انقلاب کی ڈونلڈ ٹرمپ کو دھمکی
،تصویر کا ذریعہIRGC
ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان ابراہیم زلفقاری کا کہنا ہے کہ امریکہ براہ راست جنگ میں شامل ہو گیا ہے اور اس نے ایران کی ’مقدس سرزمین‘ کی خلاف ورزی کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ امریکہ کی خلاف ’طاقتور اور ٹارگٹڈ آپریشنز‘ کیے جائیں گے اور اسے ’بھاری، افسوسناک اور غیر متوقع نتائج‘ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
امریکی صدر کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے پاسداران انقلاب کے ترجمان نے انگریزی میں کہا، ’مسٹر ٹرمپ، جواری! یہ جنگ شروع آپ نے کی ہے لیکن اسے ختم ہم کریں گے!‘
دوسری جانب ایرانی میڈیا نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایران کے کمانڈر ان چیف امیر حاتمی کو ایک آپریشن روم میں ساتھی افسران سے بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں ایرانی کمانڈر ان چیف کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ماضی میں جب بھی امریکہ نے ایران کے خلاف ’مجرمانہ کارروائی‘ کی تو انھیں اس کا ’فیصلہ کن جواب ملا ہے، اور اس بار بھی ایسا ہی ہو گا۔‘
دریں اثنا، ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف عبدالرحیم موسوی نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی حملے کے بعد ان کی افواج کی جانب سے امریکی فوجیوں کے خلاف ’کسی بھی قسم کی کارروائی‘ کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ایران ’کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔‘
اسرائیل کا چھ ایرانی ہوائی اڈوں پر حملے میں 15 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ
اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس نے ایران کے چھ ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے ۔اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملوں میں مغربی، مشرقی اور مرکزی ایران میں واقع ایئر پورٹس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
آئی ڈی ایف کے مطابق، ڈرون حملوں میں ایران کے ایف-15 اور ایف-5 لڑاکا طیارے، ایک ری فیولنگ جہاز اور ایک اے ایف-1 کوبرا ہیلی کاپٹر تباہ ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج کا مزید کہنا ہے کہ حملوں میں رن ویز اور زیرِ زمین بنکرز بھی تباہ ہوئے ہیں۔یہ واضح نہیں کہ یہ حملے کب ہوئے۔ ایران کی جانب سے اس بارے میں کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔