پیر, جون ۲۳, ۲۰۲۵
32.8 C
Srinagar

پہلگام حملہ: این آئی اے کو پہلگام حملے کے دو سہولت کاروں کا پانچ روزہ ریمانڈ ملا

جموں:قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں دو اہم ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت سے ان کی 5 روزہ تحویل حاصل کر لی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پیر کے روز جموں کی ایک عدالت کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج ریتیش کمار دوبے نے دونوں ملزمان کو 27جون تک این آئی اے کی تحویل میں دیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت پرویز احمد جوٹھار ساکن بٹہ کوٹ، پہلگام اور بشیر احمد جوٹھار ساکن ہل پارک، پہلگام کے طور پر کی گئی ہے۔ این آئی اے کے مطابق ان دونوں افراد نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو پہلگام میں حملے سے قبل ایک موسمی جھونپڑی (ڈھوک) میں پناہ دی، انہیں خوراک، رہائش اور دیگر لاجسٹک سہولیات فراہم کیں۔
این آئی اے کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران دونوں ملزمان نے تینوں دہشت گردوں کی شناخت اور ان کے پاکستانی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
یاد رہے کہ 22 اپریل کو پیش آئے اس سفاکانہ حملے میں 26 افراد، جن میں اکثریت سیاحوں کی تھی، جاں بحق اور 16 دیگر زخمی ہوئے تھے۔ این آئی اے کے مطابق حملہ مذہبی بنیاد پر کیا گیا تھا، جسے حالیہ برسوں کے بدترین دہشت گردانہ واقعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔
تحقیقات جاری ہیں، جبکہ این آئی اے کو امید ہے کہ ان گرفتار ملزمان سے مزید اہم معلومات حاصل ہوں گی جو حملے کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں تک پہنچنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img