سری نگر،: نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور رکن اسمبلی تنویر صادق کا کہنا ہے کہ ریاستی درجے کی بحالی کے سوال پر حزب اختلاف سمیت جموں وکشمیر کی تمام سیاسی پارٹیاں ایک ہی صف میں کھڑی ہیں۔
انہوں نے کہا: ‘چاہے وہ بی جے پی ہو، پی ڈی پی، پیپلز کانفرنس، یا کوئی اور پارٹی ہو، سبھی متفق ہیں کہ ریاستی درجے کی بحالی ہمارا جائز حق ہے اور اسے بغیر کسی تاخیر کے بحال کیا جانا چاہیے’۔موصوف ترجمان اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار پیر کو ‘ایکس’ پر اپنے ایک طویل پوسٹ میں کیا۔
انہوں نے کہا: ‘میں یہ بات انتہائی ذمہ داری کے ساتھ کہتا ہوں کہ گرچہ اپوزیشن اور ہمارے درمیان اکثر اختلاقات ہو سکتے ہیں، ہم ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنا سکتے ہیں اور سیاسی طور پر ایک دوسرے کے خلاف صف آرا رہ سکتے ہیں لیکن مجھے یقین محکم ہے کہ جب ریاستی درجے کی بحالی کا سوال آتا ہے تو مکمل اتفاق رائے ہوتا ہے’۔
ان کا کہنا ہے: ‘چاہے وہ بی جے پی ہو، پی ڈی پی، پی سی، یا کوئی اور پارٹی، سبھی متفق ہیں کہ ریاستی درجے کی بحالی ہمارا جائز حق ہے اور اسے بغیر کسی تاخیر کے بحال کیا جانا چاہیے’۔
تنویر صادق پوسٹ میں کہتے ہیں: ‘ تو اصل سوال یہ ہے کہ یہ کنفیوژن کی فضا کون پیدا کر رہا ہے؟ جواب واضح ہے: یہ وہ لوگ ہیں جو دوہرے طاقت کے ڈھانچے سے فائدہ اٹھاتے ہیں، وہ لوگ جو بے یقینی اور افراتفری کے سائے میں پروان چڑھتے ہیں’۔
ان کا کہنا ہے: ‘یہ وہی عناصر ہیں جو جان بوجھ کر نہ صرف عوام کے جذبات کو مجروح کرنے کے لیے اس طرح کی گمراہ کن داستانیں پھیلاتے ہیں بلکہ عدالت عظمیٰ، وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور خود پارلیمنٹ کے تقدس کو بھی ٹھیس پہنچاتے ہیں جہاں ریاستی درجے کی بحالی کا وعدہ کیا گیا ہے’۔