جموں: اگلے ماہ کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے والی سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے پیش نظر جموں میں واقع بھگوتی نگر بیس کمیپ کے گرد و پیش واچ ٹاور اور چک پوسٹ نصب کرکے فول پروف سیکورٹی نظام کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔امسال 38 دنوں پر محیط پوتر یاترا 3 جولائی سے شروع ہو کر 9 اگست کو رکشا بندھن کے موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔
یاترا کا پہلا قافلہ 2 جولائی کو جموں سے کشمیر کے لئے روانہ ہوگا۔ایک پولیس عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا: ‘یاتریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے بھگوتی نگر بیس پر سیکورٹی سے متعلق تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے’۔انہوں نے کہا: ‘بیس کمیپ کے گرد و پیش اضافی واچ ٹاور نصب کئے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی مشکوک نقل و حمل پر چوبیس گھنٹے نظر گذر رکھی جا سکے’۔ان کا کہنا ہے کہ پولیس اور نیم فوجی اہلکار کمیپ کے متصل علاقوں میں تعینات رہیں گے جو لوگوں کی نقل و حمل پر باریک بین نگرانی کریں گے۔
پولیس افسر نے بتایا کہ پھالین منڈل روڈ پر ایک چیک پوسٹ بھی نصب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ چیک پوسٹ یاترا کے اختتام کے بعد بھی نصب ہی رہے گا تاکہ علاقے میں دوسرے سماجی برائیوں و دیگر جرائم کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔ان کا کہنا ہے کہ بھگوتی نگر، گول گجرال کیمپ روڈ وغیر پر عارضی کمیپ نصب کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھگوتی نگر بیس سے جڑنے والے اور دیگر متصل راستوں پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
موصوف عہدیدار نے بتایا: ‘فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے جا رہے ہیں انفراسٹرکچر اور نفری کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ڈرون نگرانی، فرسکنگ مشینوں، الارم نظام، سائبر سیکورٹی نظام وغیر جیسے جدید ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کار لایا جا رہا ہے’۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ کیمپ کے اندر اور گرد و پیش نائٹ وژن سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں۔دریں اثنا مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن نے منگل کے روز سری نگر میں سالانہ امرناتھ یاترا 2025 کے لیے سکیورٹی انتظامات اور جموں و کشمیر کی مجموعی حفاظتی صورتحال کا جائزہ لیا۔شری امرناتھ جی یاترا کے لیے فول پروف حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے اقدام میں جموں و کشمیر حکومت نے یاترا کے دونوں راستوں کو ’نو فلائنگ زون‘ قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ یاتری جنوبی کشمیر میں واقع 48 کلومیٹر طویل روایتی پہلگام راستے یا وسطی کشمیر میں واقع 14 کلومیٹر طویل بالتل کے راستے سے پوتر گھپا تک پہنچتے ہیں۔جموں و کشمیر حکومت اور شرائن بورڈ کی طرف سے یاترا کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے اس سال یاترا کے لیے 580 نیم فوجی کمپنیوں پر مشتمل تقریباً 42,000 اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں سے 424 کمپنیاں جموں و کشمیر روانہ کی جا رہی ہیں، جب کہ باقی یونٹس، جن میں وہ 80 کمپنیاں بھی شامل ہیں جو ’آپریشن سندور‘ کے دوران پہلے ہی یو ٹی میں تعینات تھیں، کو یاترا کے راستے، سری نگر سمیت حساس علاقوں میں دوبارہ تعینات کیا جائے گا۔