ہفتہ, جون ۷, ۲۰۲۵
21 C
Srinagar

وزیر اعظم کے دورے کے پیش نظر کٹرہ ریلوے اسٹیشن پر جشن کا ماحول

جموں: وزیر اعظم نریندر مودی کے آج جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے دورے کے پیش نظر جہاں طلبا کا ایک گروپ کٹرہ ریلوے اسٹیشن پر ان کا استقبال کرنے کے لئے جمع ہوا ہے وہیں کٹرہ – سری نگر وندے بھارت ٹرین ایک دلہن کی طرح آراستہ پیراستہ تاریخی سفر پر روانہ ہونے کے لئے تیار ہے جبکہ مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگ ان کو سننے کے لئے بے تاب نظر آ رہے ہیں۔

آج جموں و کشمیر کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہونے جا رہا ہے جب وزیر اعظم نریندر مودی مقدس شہر کٹرا سے وادی کشمیر کے لیے وندے بھارت ایکسپریس کو روانہ کریں گے۔کٹرہ ریلوے اسٹیشن پر سیکورٹی سخت انتظامات کے بیچ طلبا کا ایک گروپ بھی ہاتھوں میں ترنگے اور وزیر اعظم کی تصویریں لئے پہنچا ہے جبکہ سپورٹس اسٹیڈیم کٹرہ میں وزیر اعظم کو سننے کے لئے مختلف علاقوں سے لوگ جمع ہو رہے ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ آج کا دن جموں و کشمیر کے لئے بے شک ایک تاریخی دن ہے جب ہمارے کئی خواب ایک ساتھ پورے ہورہے ہیں۔

ایک شخص نے بتایا: ‘آج دنیا کے سب سے اونچے ریل پل کو قوم کے نام وقف کیا جا رہا ہے یہ پورے قوم کا ایک خواب تھا جو آج پورا ہو رہا ہے اور جموں و کشمیر کو کنیا کماری سے ریل سے جوڑنے کا دیرینہ خواب بھی شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے’۔انہوں نے کہا کہ اس سے تمام لوگوں کو فائدہ ہوگا۔وزیر اعظم نریندر مودی آج جموں و کشمیر کے کٹرا میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے بیس کیمپ سے 46 ہزار کروڑ روپے سے زائد مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کو قوم کے نام وقف کرنے والے ہیں۔

وہ مختلف سڑک منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے اور ان کا افتتاح کریں گے تاکہ بالخصوص سرحدی علاقوں میں "لاسٹ مائل کنیکٹیوٹی” کو فروغ دیا جا سکے۔ان منصوبوں میں رفیع آباد سے کپواڑہ تک قومی شاہراہ 701 کی توسیع، اور شوپیاں بائی پاس روڈ (این ایچ 444) کی تعمیر شامل ہے، جن کی مجموعی لاگت تقریباً 1,952 کروڑ روپے ہے۔سری نگر میں نیشنل ہائی وے 1 پر سنگرامہ جنکشن اور نیشنل ہائی وے 44 پر بمنہ جنکشن پر دو فلائی اوورز کا افتتاح بھی وزیر اعظم کریں گے، جس سے ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور شہریوں کو سہولت ملے گی۔

وزیر اعظم شری ماتا ویشنو دیوی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایکسیلنس کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے، جو کہ ضلع ریاسی کا پہلا میڈیکل کالج ہوگا۔ 350 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والا یہ ادارہ خطے کے صحت کے نظام کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img