پیر, نومبر ۱۰, ۲۰۲۵
4.3 C
Srinagar

معروف اداکار مکل دیو کا انتقال

نئی دہلی،: بالی ووڈ کے مشہور اداکار مکل دیو کا انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 54 سال تھی۔مکل دیو کا جمعہ کی رات نئی دہلی میں انتقال ہو گیا۔ وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ مکل دیو کے بڑے بھائی راہول دیو نے انسٹاگرام پر مکل دیو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ہمیں یہ بتاتے ہوئے بہت دکھ ہو رہا ہے کہ ہمارے بھائی مکل دیو کا کل رات نئی دہلی میں انتقال ہو گیا۔ ان کے پسماندگان میں ان کی بیٹی سیا دیو ہیں۔ ان کے بہن بھائی رشمی کوشل، راہول دیو اور ان کے بھتیجے سدھانت دیو انہیں بہت یاد کریں گے۔ ان کی آخر ی رسومات آج شام 5 بجے ادا کی جائیں گی۔

مکل دیو 17 دسمبر 1970 کو نئی دہلی میں ایک پنجابی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد ہری دیو اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس تھے اور انہوں نے ہی مکل کو افغان ثقافت سے متعارف کرایا تھا۔ مکل دیو نے اداکاری کی دنیا میں آنے کا خواب نہیں دیکھا تھا۔ انہوں نے چندی گڑھ کے اندرا گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف ایروناٹکس میں پائلٹ کی تربیت لی تھی۔ لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا اور وہ اداکاری کی دنیا میں داخل ہو گئے۔ مکل دیو نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1996 میں ٹی وی سیریل ممکن سے کیا۔ مکل دیو نے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز سال 1996 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘دستک’ سے کیا۔یہ سابق مس یونیورس سشمیتا سین کی بھی پہلی فلم تھی۔

مکل دیو نے ‘سن آف سردار’، ‘یملا پگلا دیوانہ’، ‘آر… راجکمار’، ‘قلعہ’، ‘کوہرام’ اور ‘جے ہو’ جیسی کئی فلموں میں بھی اہم کردار ادا کیے ہیں۔ انہوں نے ہندی کے ساتھ ساتھ پنجابی، بنگالی، ملیالم، کنڑ اور تیلگو میں 60 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ مکل دیو آخری بار 2022 میں فلم ‘انت دی اینڈ’ میں بڑے پردے پر نظر آئے تھے۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img