سری نگر: فوج کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے سرحدوں اور سرحدی بستیوں میں کئی دنوں کے بعد پرسکون رات رہی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے سے کسی بھی واقعے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ایک فوجی ترجمان نے بتایا: ‘جموں و کشمیر اور بین الاقوامی سرحد کے ساتھ دیگر علاقوں میں رات بڑی حد تک پرامن رہی’۔انہوں نے کہا: ‘حالیہ دنوں میں پہلی پرسکون رات رہی کوئی بھی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا ہے’۔
واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان گذشتہ روز سرحدوں پر جنگ بندی معاہدے پر اتفاق کے بعد لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے اور معمولات زندگی جو بڑی حد تک متاثر ہوئے تھے، پٹری پر واپس آرہے ہیں۔تاہم بارہمولہ پولیس نے فرنٹ لائن دیہات سے نکالے گئے مکینوں کے لیے ایک فوری عوامی تحفظ کی اپیل جاری کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے گھروں کو واپس نہ جائیں جب تک کہ حکام کی طرف سے باضابطہ طور پر اجازت نہ مل جائے۔حفاظتی نوٹس کے مطابق، بے شمار نہ پھٹنے والے گولے لائن آف کنٹرول کے قریب نجی اور عوامی دونوں جگہوں پر بکھرے ہوئے ہیں، جس سے زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
ہندوستان اور پاکستان نے ہفتہ کو لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی پر اتفاق کیا۔دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب ہندوستانی مسلح افواج نے گزشتہ ہفتے پہلگام حملے کے جواب میں پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر (پی او جے کے) میں دہشت گردوں کے لانچ پیڈ کو نشانہ بنایا۔
یو این آئی