ہفتہ, دسمبر ۲۰, ۲۰۲۵
15.2 C
Srinagar

کشمیر میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران برف و باراں کا امکان، سردیوں کا زور جاری

سری نگر: وادی کشمیر میں سخت سردیوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف و باراں کی پیش گوئی کی ہے جس سے جہاں ایک طرف طویل خشک موسمی صورتحال کے ختم ہونے کی توقع ہے وہیں فضائی آلودگی کی سطح بھی کم ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 20 دسمبر کی شام سے 21 دسمبر کی دوپہر تک پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 22 دسمبر کو موسم عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارش ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 23 سے 29 دسمبر تک موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے جبکہ 30 اور 31 دسمبر کو موسم عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ کپوارہ، باںڈی پورہ اور گاندربل اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں خاص طور پر 21 دسمبر کو درمیانی سے بھاری برف باری کا امکان ہے۔

انہوں نے مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کی ایڈوازئریز کے مطابق اپنے سفر کا منصوبہ بنائیں۔

دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے سردیوں کا زور جاری ہے۔
کشمیر ویدر کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جہاں 28 نومبر کو رواں موسم کی اب تک سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

وادی کے مشہور سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

وادی میں ضلع پلوامہ سب سے سرد علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ دوسرت درجے پر ضلع شوپیاں رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سری نگر ہوائی اڈے پر کم سے کم درجہ حرارت منفی1.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سونہ مرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری کے لیہہ اور کرگل اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتین منفی4.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img