جموں،: بین الاقوامی سرحد (آئی بی) پر دھند اور شدید سرد موسم کے باعث ممکنہ دراندازی کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) اور جموں و کشمیر پولیس نے سیکورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ آر ایس پورہ سیکٹر میں سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں اور سرحدی علاقوں میں گشت اور نگرانی میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ دھند کے باعث نظر کم ہو جاتی ہے جس کا فائدہ اٹھا کر درانداز سرحد پار سے غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھند والے موسم میں دراندازی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اسی لیے ہم مکمل چوکسی کے ساتھ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران ضلع سانبہ کے کچھ علاقوں میں مشتبہ افراد کی نقل و حرکت سے متعلق اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد سرحدی علاقوں میں سیکورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔ ان اطلاعات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پولیس اور بی ایس ایف کے درمیان قریبی تال میل کے ساتھ مشترکہ نگرانی اور تلاشی کارروائیاں انجام دی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سرحدی چوکیوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ نائٹ وژن آلات، تھرمل امیجرز اور دیگر جدید نگرانی کے وسائل کو بھی فعال کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ حساس مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں اور مشتبہ افراد و گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔
پولیس نے سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ شخص یا سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا سیکورٹی فورسز کو دیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوامی تعاون کے بغیر امن و امان کو برقرار رکھنا ممکن نہیں، اس لیے شہری چوکسی انتہائی ضروری ہے۔
سیکورٹی ایجنسیوں نے واضح کیا ہے کہ سرحدی علاقوں میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جا رہا ہے اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے فورسز مکمل طور پر تیار ہیں۔




