لل دید اسپتال میں ’قیام و طعام گاہ برائے تیماردار و ضرورت مند‘ کی سرینگر میں ای۔افتتاحی تقریب
سرینگر:لی خدما فائونڈیشن کی جانب سے لل دید اسپتال سرینگر میں”کائنڈ کچن اور کائنڈ اسٹے (قیام و طعام گاہ برائے تیماردار و ضرورت مند)“ سہولیات کی ای۔افتتاحی تقریب راجباغ سرینگر میں منعقد ہوئی۔تقریب میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لل دید اسپتال ڈاکٹر مظفر احمد جان، ادارہ ایشین میل کے مدیر اعلیٰ رشید راہل، معروف سماجی کارکن اشرف نثار، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے صدر جی این وار، گونی کھن مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور تاجر رہنما مظفر احمد،صحافی مشتاق احمد بالا کے علاوہ سول سوسائٹی اراکین اور دیگر سماجی کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر مظفر احمد جان نے کہا کہ اس طرح کی پہل سے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو قیام و طعام کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی، جس سے اسپتال پر فائونڈیشن کم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ کی طرف سے بھی بنیادی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، لیکن سماجی سطح پر ایسی پہل نہایت قابل تحسین ہے۔
ڈاکٹر جان نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے انفیکشن کے خطرات میں کمی آئے گی اور دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کے تیمارداروں کو خاطر خواہ سہولت حاصل ہوگی۔
انہوں نے لل دید اسپتال کو ”خوشیوں کا اسپتال“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں زچہ و بچہ کی بہترین نگہداشت فراہم کی جاتی ہے اور اب اس نئی قیام و طعام گاہ کی سہولت سے اس مشن میں مزید بہتری آئے گی، خصوصاً سردیوں کے موسم میں یہ سہولت زیادہ مفید ثابت ہوگی۔
ادارہ ایشین میل کے مدیر اعلیٰ رشید راہل نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ایک عمدہ اور وقت کی اہم ضرورت پر مبنی سوچ ہے۔انہوں نے کہا کہ سماج میں اس طرح کی انسانی ہمدردی پر مبنی کاوشوں کی سخت ضرورت ہے اور ایشین میل، قلمی اور ڈیجیٹل دونوں سطحوں پر، ایسے فلاحی اقدامات کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتا رہے گا۔
شید راہل نے ”پالیسی اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ“کی خدمات کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی لی خدما فائونڈیشنن کے ان نیک مقاصد میں اپنا تعاون پیش کرے گا۔
معروف سماجی کارکن اشر ف نثار اور جی این وار نے اپنے خطاب میں کہا کہ منتظمین کی یہ کاوش معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند طبقوں کے لیے ایک موثر سہارا ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف مریضوں کے تیمارداروں کو سہولت میسر آتی ہے بلکہ سماجی یکجہتی اور انسانی ہمدردی کا بھی عملی مظاہرہ ہوتا ہے۔
تقریب میں شریک سول سوسائٹی اراکین اور دیگر مہمانوں نے بھی لی خدما فائونڈیشن کی کاوش کو دل کھول کر سراہا اور کہا کہ کائنڈ کچن اور کائنڈ اسٹے (قیام و طعام گاہ برائے تیماردار و ضرورت مند) جیسے منصوبے معاشرتی بھلائی اور انسان دوستی کی روشن مثال ہیں، جو ضرورت مندوں کے لیے امید اور سہارا بن کر ابھریں گے۔