سری نگر: سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی محمد یوسف تاریگامی کا کہنا ہے کہ پہلگام سانحے پر جو کشمیری عوام کا عزم سامنے آیا ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے بلائی جانے والی کل جماعتی میٹنگ میں بھی تمام جماعتوں نے یک زبان ہو کر اس سانحے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کشمیری عوام کو سلام پیش کیا۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘پہلگام سانحے میں جو بھی جاں بحق ہوا ہو ہمارا اپنا تھا، جو یہ سانحہ پیش آیا تو وزیر اعلیٰ نے کل جماعتی میٹنگ طلب کی جس میں بی جے پی سمیت تمام جماعتوں نے شرکت کی اور یک زبان ہو کر اس سانحے کی شدید مذمت کی اور جو اس سانحے میں شہید ہوئے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا’۔ان کا کہنا تھا: ‘تمام جماعتوں نے مل کر کشمیری عوام کو سلام پیش کیا کہ جو انہوں نے نہ صرف اس سنگین صورتحال میں صبر سے کام لیا بلکہ جو اس سانحے کی مذمت کی اس کی کوئی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ہے’۔انہوں نے کہا: ‘ہماری عوام آج تک بہت بڑے طوفانوں سے گذری ہے لیکن جو اس سانحے کے بعد عوام کا عزم سامنے آیا اس کی مثال پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی’
مسٹر تاریگامی نے کہا کہ مشکل وقت میں حوصلہ رکھنا اور اپنی ذمہ داری نبھانا بہت بڑی بات ہوتی ہے۔انہوں نے کہا: ‘ملک کے کچھ حصوں میں کشمیری طالب علموں، تاجروں اور مزدوروں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی لیکن یہ ایک باب ہے جبکہ دوسرا باب یہ ہے کہ مجھے چندی گڑھ، راجستھان، ہماچل پردیش، مہاراشٹرا سے فون آئے جن میں مجھے کہا گیا کہ جو بھی یہاں کشمیری لوگ ہیں وہ ہمارے ہیں اور ہم ان کے ہیں، یہ ہم سب کے لئے حوصلہ افزا باتیں ہیں’۔ان کا کہنا تھا: ‘حکومت سے میری اپیل ہے کہ وہ جہاں مجرموں کو قانون کے دائرے میں لائے وہیں اپنے شہریوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنائے’۔