جموں،: جموں وکشمیر کے ضلع اودھم پور کے بسنت گڑھ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان ایک فوجی جوان جاں بحق ہوا ہے جبکہ علاقے میں آپریشن وسیع پیمانے پر جاری ہے۔
فوج کی وائٹ نائٹ کور نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایک مصدقہ انٹلی جنس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اودھم پور کے بسنت گڑھ علاقے میں آج صبح پولیس کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا’۔انہوں نے کہا: ‘اس دوران طرفین کے درمیان آمنا سامنا ہوا اور شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا’۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا: ‘گولیوں کے ابتدائی تبادلے کے دوران ایک بہادر فوجی جوان زخمی ہوا جو بعد میں بہتر طبی امداد کی فراہمی کے باوصف زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا’۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں وسیع پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔