سرینگر: اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے مرکزی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ حالیہ شدید موسمی تباہی کے متاثرین کی مدد کے لیے خصوصی مالی امدادی پیکج فراہم کرے۔ انہوں نے کہا ہے کہ رام بن میں وسیع پیمانے پر تباہی مچ گئی ہے، جبکہ جموں کشمیر کے کئی دیگر علاقوں میں بھی جائدادوں اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کی بھرپائی کرنے اور متاثرین کو سہارا دینے کے لئے مرکزی سرکار کی جانب سے فراخدلانہ امداد کی فراہمی ناگزیر ہے۔
اس ضمن میں انہوں نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا: ’’ حالیہ موسمی آفت کی وجہ سے وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ پانچ انسانی زندگیوں کا اتلاف ہوا ہے۔ جبکہ املاک، گاڑیوں اور فصلوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔اس لئے یہ ضروری ہے کہ مرکزی حکومت متاثرین کی مدد اور معاوضہ کے لیے ایک خصوصی مالی امدادی پیکیج فراہم کرے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’رام بن میں سب سے زیادہ تباہی مچی ہے۔ جبکہ تباہی اور نقصانات کا پیمانہ جموں اور وادی کے کئی علاقوں تک پھیلا ہوا ہے۔ یہ ایک سنگین بحران ہے جو مرکز سے فوری اور بامعنی مداخلت کا مطالبہ کرتا ہے۔ مرکز کی طرف سے بروقت اور خاطر خواہ امداد متاثرین کے لیے امید اور استحکام بحال کرنے میں مدد کر سکتی ہے۔‘‘