پیر, اپریل ۲۱, ۲۰۲۵
21.7 C
Srinagar

جسٹس ارون پلی نے چیف جسٹس جموں و کشمیر و لداخ ہائی کورٹ کے طور پر حلف اٹھا لیا

جموں:  آج کنونشن سینٹر جموں میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران جسٹس ارون پلی نے جموں و کشمیر و لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر حلف اٹھایا۔ انہوں نے یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر شری منوج سنہا کے روبرو اپنے عہدے کا حلف لیا۔جسٹس پلی کی ترقی کی سفارش سپریم کورٹ کالجیم نے چار اپریل کو کی تھی۔ اس کے علاوہ مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے جسٹس سُشِرت اروند دھرم ادھیکاری کا کیرالہ ہائی کورٹ میں تبادلہ کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں ایکس پر اپنی پوسٹ میں مرکزی وزیر قانون میگھوال نے کہا تھا کہ صدر جمہوریہ نے آئین ہند کی طرف سے دیے گئے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے چیف جسٹس آف انڈیا سے مشاورت کے بعد پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کے جسٹس ارون پلی کو جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا ہے۔ میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

جسٹس پلی 18 ستمبر 1964 کو پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد ہماچل پردیش ہائی کورٹ میں سینئر وکیل تھے۔ جسٹس پلی نے کامرس میں گریجویشن کیا اور 1988 میں پنجاب یونیورسٹی، چندی گڑھ سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں اپنی قانونی پریکٹس شروع کی اور یکم ستمبر 2004 کو پنجاب کے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل مقرر ہوئے۔ وہ مارچ 2007 تک اس عہدے پر رہے۔ بعد ازاں وہ 26 اپریل، 2007 کو سینئر ایڈووکیٹ کے طور پر نامزد ہوئے۔ اس عرصے کے دوران انہوں نے سپریم کورٹ، دہلی ہائی کورٹ اور ہماچل پردیش ہائی کورٹ میں کئی اہم مقدمات پر بحث کی۔ انہیں 28 دسمبر 2013 کو پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کی بنچ میں ترقی دی گئی۔

وہ 31 مئی 2023 سے ہریانہ اسٹیٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے ایگزیکٹو چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہیں 31 اکتوبر 2023 تک دو سال کی مدت کے لیے نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی (NALSA) کی گورننگ باڈی کے ممبر کے طور پر نامزد کیا گیا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img