سری نگر:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے راج بھون، سری نگر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کلیدی ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، چیف سیکریٹری اتل ڈلو اور مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اطلاعات کے مطابق، وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کے روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران تعمیر و ترقی سے متعلق جاری منصوبوں پر ہونے والے کام کاج کا جائزہ لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ اجلاس کے دوران جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بروقت نفاذ، حائل رکاوٹوں کو دور کرنے، اور عوامی خدمات کی موثر ترسیل پر توجہ مرکوز رہی۔
اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے بہتر طرزِ حکمرانی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترقی کے ثمرات بنیادی سطح تک پہنچنے چاہئیں۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس میں امت شاہ کو جموں و کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، اور بتایا گیا کہ تمام تعمیراتی کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سری نگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں تعمیر و ترقی کے لیے جاری منصوبوں کے حوالے سے بھی وزیر داخلہ کو آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کے دوران بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو تیز کرنے، سیاحت کو فروغ دینے، اور جموں و کشمیر کے دونوں خطوں میں فلاحی اسکیموں کو موثر بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
امت شاہ نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تیز رفتار اور جامع ترقی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔