جموں: جموں میں محکمہ آبپاشی میں کام کرنے والے ڈیلی ویجروں کا اپنے مطالبات کے حق میں بدھ کو بھی احتجاج جاری رہا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اور خالی تھالیاں اٹھا رکھی تھیں اور وہ اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کر رہے تھے۔
ایک احتجاجی نے بتایا: ‘ہمیں کہا جاتا ہے کہ سرکار کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی کے ساتھ بات کرو لیکن اس کمیٹی کی طرف سے اب تک کوئی ہمارے پاس نہیں آیا’۔
انہوں نے کہا: ‘سرکار نے ہمیں مستقل کرنے کے لئے کمیٹی بنائی ہے لیکن جو 4 سو کروڑ روپیے پنڈنگ ہیں اس پر کوئی بات نہیں ہو رہی ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ عید آنے والی ہے ہمارے پیسے واگذار ہونے چاہئیں ۔
ایک اور احتجاجی نے کہا کہ لداخ یونین ٹریٹری میں جو تنخواہ ڈیلی ویجروں کو ملتی ہے اس پر بھی کوئی بات نہیں ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا: ‘ہم کمیٹی کی رپورٹ پیش ہونے تک انتظار کرنے کے لئے تیار ہیں لیکن 4 سو کروڑ اور لداخ یونین ٹریٹری میں جو تنخواہ ڈیلی ویجروں کو دی جاتی ہے اس پر بھی بات ہونی چاہئے’۔
قابل ذکر ہے کہ لیڈر آف اپوزیشن سنیل شرما نے سرکار سے کام چھوڑ ہڑتال پر بیٹھے ان ڈیلی ویجروں کے ساتھ بات کرنے کی اپیل کی ہے۔
ادھر وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گذشتہ روز ان ڈیلی ویجروں سے ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی اور کمیٹی کے ساتھ بتا کرنے کو کہا۔
