پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج راجہ محمد تسلیم عباس خان انتقال کر گئے
سرینگر: پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج راجہ محمد تسلیم عباس خان بدھ اور جمعرات کی رات نئی دہلی کے انسٹی ٹیوٹ آف لیور اینڈ بلیئری سائنسز ( آئی ایل بی ایس) میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 57 سال تھی۔ وہ گزشتہ کئی دنوں سے جگر سے متعلق بیماری کا علاج کرا رہے تھے۔
راجہ تسلیم کا تعلق سرینگر کے اندرونی کاٹھی دروازہ رعناواری میں واقع بوٹراج کالونی سے تھا۔ انہوں نے گزشتہ سال بارہ مولہ میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت مقدمات کی سماعت کے لیے اسپیشل جج کا عہدہ سنبھالا تھا۔ اس سے قبل وہ اننت ناگ اور بعد میں سری نگر میں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکے تھے۔
ان کے انتقال پر عدالتی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ دوستوں، ساتھیوں اور قانونی برادری نے انہیں انصاف پسند اور قانون کی حکمرانی کے لیے وقف شخصیت قرار دیا۔راجہ تسلیم کی وفات کو ان کے کیریئر کے عروج پر ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی قانونی خدمات اور عدالتی نظام میں ان کے کردار کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔مرحوم کی تدفین کے انتظامات ان کے اہلِ خانہ کر رہے ہیں اور جمعرات کو مرحوم کے جسد خاکی کو اندرونی کاٹھی دروازہ کے بوٹراج محلہ میں ان کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
ادارہ ایشین میل کے جملہ اراکین خاص طور پر سینئر نامہ نگار فردوس وانی نے پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج راجہ محمد تسلیم عباس کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگواراں سے تعزیت و ہمدردی کی ۔