پیر, نومبر ۱۰, ۲۰۲۵
12.9 C
Srinagar

جموں میں مویشی چوری کا معاملہ حل، 4 گرفتار، چوری شدہ مویشی بر آمد: پولیس

جموں: جموں و کشمیر پولیس نے جموں کے اکھنور علاقے میں مویشی چوری کے ایک مقدمے کو حل کرکے چار ملزموں کو گرفتار کیا ہے اورچوری شدہ مویشیوں کو بھی بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ 31 اکتوبر 2025 کو پولیس اسٹیشن اکھنور میں کشمیری محلہ اکھنور سے مویشیوں کی چوری کے بارے میں ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس کے مطابق بی این ایس کی دفعہ 303 کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر201/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ملزموں کی تلاش کے لئے ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ اس پولیس ٹیم نے فوری کارروائیاں شروع کیں،نزدیکی علاقوں میں سی سی ٹی وی فوٹیج کا تجزیہ کیا گیا اور مقامی وسائل کو متحرک کر دیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مسلسل کوششوں، تکنیکی تجزیے اور تعاقب کے بعد چار مشتبہ افراد کی شناخت کی گئی اور ان کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدہ ملزموں کی شناخت میڈو ولد کاکا ساکن راج پورہ منڈی جموں، فاروق خان ولد مرزا خان ساکن راج پورہ منڈی جموں، محمد صابر ساکن ڈب کرم دین جموں اورمقدر علی ولد عبدالحمید ساکن ماوا کروڈہ اکھنور کے طور پر کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران ملزموں نے اپنے جرم کا اعتراف کیا اور اس کے بعد اس جرم میں استعمال ہونے والے ٹاٹا موبائل زیر رجسٹریشن نمبرJK02DH 7148 کو ضبط کر لیا گیا اور ملزموں کے انکشاف پر چوری شدہ مویشی بھی بر آمد کر لئے گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں تفتیش ابھی بھی جاری ہے اور ملزموں سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے تاکہ ان کے دیگر اس طرح کے مقدمات میں ملوث ہونے کی بھی جانچ کی جا سکے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img