پیر, نومبر ۱۰, ۲۰۲۵
16.4 C
Srinagar

پولیس کی بڑی کارروائی، بین ریاستی دہشت گرد نیٹ ورک بے نقاب، دو ڈاکٹروں سمیت سات گرفتار

سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے ایک بڑی انسدادِ دہشت گردی کارروائی میں بین ریاستی اور بین الاقوامی دہشت گرد نیٹ ورک کو بے نقاب کرتے ہوئے سات افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں دو ڈاکٹر، ایک امامِ مسجد، اور کئی تعلیم یافتہ نوجوان شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ ماڈیول کالعدم تنظیموں جیشِ اور انصار غزوة الہند سے منسلک تھا اور اس کے روابط پاکستان سمیت دیگر ممالک میں سرگرم غیر ملکی ہینڈلرز سے بھی قائم تھے۔

پولیس کے مطابق19 اکتوبر 2025 کو سرینگر کے نَوگام علاقے کے بُن پورہ میں مختلف مقامات پر جیشِ محمد کے دھمکی آمیز پوسٹر چسپاں پائے گئے، جن میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ اس کے بعد نَوگام تھانے میں باضابط طورپر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی۔

بیان کے مطابق تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ یہ ایک ’وائٹ کالر ٹیرر نیٹ ورک‘ تھا، جس میں پروفیشنلز، طلبہ اور مذہبی عہدیداران شامل تھے، جو خفیہ طور پر پاکستان میں بیٹھے ہینڈلرز سے رابطے میں تھے۔ یہ گروپ انکرپٹڈ آن لائن چینلز کے ذریعے نوجوانوں کو شدت پسندی کی طرف راغب کرنے، فنڈز جمع کرنے، اسلحہ و بارود کی فراہمی اور آئی ای ڈی بنانے کے لیے مواد حاصل کرنے میں سرگرم تھا۔

گرفتار شدگان کی شناخت عارف نثار ڈار عرف ساحل، ساکن نَوگام سرینگر،یاسرالاشرف، ساکن نَوگام سرینگر،مقصود احمد ڈار عرف شاہد، ساکن نَوگام سرینگر،مولوی عرفان احمد (امام مسجد)، ساکن شوپیاں،ضمیر احمد آہنگر عرف متلاشہ، ساکن واکورہ، گاندربل، ڈاکٹر مزمل احمد گنائی عرف مصیب، ساکن کوئل پلوامہ اور ڈاکٹر عدیل، ساکن وانپورہ، کولگام کے بطور کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق کچھ دیگر مشتبہ افراد کے رول کا بھی انکشاف ہوا ہے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

تحقیقات کے دوران جموں و کشمیر پولیس نے سرینگر، اننت ناگ، گاندربل اور شوپیاں میں کئی مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے، جب کہ ہریانہ پولیس کے ساتھ فریدآباد اور یوپی پولیس کے ساتھ سہارنپور میں بھی تلاشی کارروائیاں انجام دی گئیں۔

پولیس کے مطا بق چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران ایک چینی ساختہ اسٹار پستول اور گولیاں،ایک بریٹا پستول بمعہ ایمونیشن،ایک اے کے-56 رائفل اور ایمونیشن،ایک اے کے رائفل اور گولیوں کے راونڈ ،2900 کلو گرام آئی ای ڈی بنانے کا مواد جس میں دھماکہ خیز کیمیکل، الیکٹرانک سرکٹس، بیٹریاں، وائرز، ریموٹ کنٹرولز، ٹائمرز اور دھات کی پلیٹس شامل ہیں کو برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ فنڈز کی فراہمی اور اس کے ذرائع کی تفتیش جاری ہے، اور اس ماڈیول کے تمام مالی و تکنیکی روابط کا سراغ لگایا جا رہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ کارروائی جموں و کشمیر پولیس کے انتھک عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر ہے، جس کا مقصد وادی کو دہشت گردی، انتہا پسندی اور بیرونی سازشوں سے پاک کرنا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق،’یہ آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ پولیس وادی میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔‘

 

Popular Categories

spot_imgspot_img