سری نگر: وزیر اعلیٰ کے سیاسی مشیر ناصر اسلم وانی نے منگل کے روز کہاکہ کولگام واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ دو نوجوانوں کی موت کیسے اور کن حالات میں واقع ہوئی اس کی تہہ تک جانے کی ضرورت ہے۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے کولگام میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
نا صر اسلم وانی نے کہاکہ کولگام میں دو نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد سرکار نے اس کا سخت نوٹس لیا۔انہوں نے کہاکہ دو نوجوان کی موت کیسے اور کن حالات میں واقع ہوئی اس کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہئے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی الگ ہو سکے۔
ان کے مطابق متاثرین نے بتایا کہ ایک ماہ قبل تین نوجوان شادی کی تقریب میں شرکت کی خاطر گھر سے نکلے اور پھر دوبارہ گھر واپس نہیں لوٹ آئے۔وزیر اعلیٰ کے سیاسی مشیر نے کہا :’پہلے کٹھوعہ میں گمشدگی کے بعد تین افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں اور اب کولگام میں دو نوجوان مردہ پائے گئے۔ ‘
انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کی موت کی وجوہات کے بارے میں حقیقت سامنے آنی چاہئے۔ناصر اسلم وانی کے مطابق اگر یہ حادثہ ہے وہ بھی سامنے آنا چاہئے اور اگر ان کے ساتھ کچھ غلط ہو تو اس کی بھی تحقیقات ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں گھر والوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔واضح رہے کہ جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ہدایت پر نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری، وزیر صحت سکینہ ایتو اور سیاسی مشیر ناصر اسلم وانی نے کولگام میں متاثرہ خاندان کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ معاملے کی جوڈیشل تحقیقات ہوگی ۔
