سری نگر:مرکزی وزیر برائے محنت و روزگار اورامور کھیل ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے بدھ کے روز کہاکہ نوجوان ہندوستان کی ترقی کے محرک ہیں۔
کشمیر یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب میں مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستان کے مستقبل کی تشکیل میں نوجوانوں کا کردار بے حد اہم ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت سال 2047تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے پر عزم ہے۔
مرکزی وزیر نے مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کی سراہنا کی ۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان طلبا کی طاقت ، خواہش اور اختراع ہندوستان کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرئے گا۔
ان کے مطابق ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب ہمارے نوجوانوں کے عزم اور ہنر سے ہی شرمندہ تعبیر ہوگا۔
مرکزی وزیر برائے محنت و روزگار نے سالانہ بجٹ کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہاکہ حکومت نے اس بار نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے تاکہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا بھر پور موقع فراہم ہو سکے۔
انہوں نے بتایا کہ موجودہ مرکزی حکومت نوجوانوں کو با اختیار بنانے اورانہیں اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی خاطر کوشاں ہے۔
وزیر موصوف کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ہندوستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقعے پیدا کرنے کی خاطر حکومت زمینی سطح پر عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔