جموں،بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی صدراور مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے ہفتے کے روز جموں وکشمیر کے بی جے پی ممبران اسمبلی پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں تعمیر وترقی کا جال بچھانے اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کی اور اپنی توجہ مبذول کریں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم مودی جی کی سربراہی میں جموں و کشمیر میں امن و امان قائم ہوا ہے۔ان باتوں کا اظہار جے پی نڈا نے جموں میں بی جے پی ممبران اسمبلی کے ایک اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے جموں وکشمیر بی جے پی ممبران اسمبلی پر زور دیا کہ وہ آنے والے بجٹ سیشن کے دوران لوگوں کے مسائل ابھارے۔
مرکزی وزیر صحت کے مطابق بی جے پی کے قوم پرست نظریہ پر عمل کرتے ہوئے لوگوں کی فلاح و بہبود سے متعلق مسائل کو آنے والے بجٹ سیشن کے دوران ابھارنا لازمی ہے۔انہوں نے بی جے پی ممبران اسمبلی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ مرکزی زیر انتظام علاقے کا پہلا بجٹ سیشن غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے لہذا اس حوالے سے پوری تیاری کے ساتھ جانے کی ضرورت ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی نے ہمیشہ لوگوں کے جذبات و احساسات کو ترجیح دی لہذا ممبران اسمبلی پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پوری تیاری کے ساتھ اسمبلی میں دلائل پیش کریں۔جے پی نڈا نے کہا:’عہدے عارضی ہوتے ہیں لیکن لوگوں کے اعتماد کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ ‘
انہوں نے بی جے پی لیڈران پر زور دیا کہ وہ مقامی لوگوں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط کریں خاص کر کرشی وگیان کیندرز، آشا کارکنوں کی میٹنگیں اور سرکاری اسکولوں میں والدین اور اساتذہ کی بات چیت جیسے پلیٹ فارمز کے ذریعے لوگوں کے ساتھ فعال طورپر مشغول رہیں۔جے پی نڈا نے ممبران اسمبلی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ عوامی شکایات کو موثر طریقے سے حل کرنے کی خاطر لوگوں کے مسائل غور سے سنیں اور انہیں حل کرنے کی بھر پور سعی کریں۔اس اجلاس میں مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ، قومی جنرل سیکریٹری و انچارج جے اینڈ کے ترون چگ اور بی جے پی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر ست شرما موجود تھے۔





