سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے ممنوعہ لشکر طیبہ کے ایک بین ریاستی دہشت گردی کے ماڈیول کا پردہ فاش کیا ہے اور دو مشتبہ پاکستانی دہشت گردوں سمیت پانچ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے منگل کو یہ اطلاع دی۔
پولیس نے ابھی تک اس ماڈیول کی گرفتاری کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔
گزشتہ کئی ہفتوں سے جاری آپریشن کے دوران پولیس نے جموں و کشمیر کے باہر سے لشکر طیبہ کے دو پاکستانی دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔
یہ دونوں ایک دہائی سے زائد عرصے سے مفرور تھے۔
ذرائع نے کہا، "دو پاکستانی دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد، اس ماڈیول کے مزید ارکان کو پکڑنے کے لیے شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں چھاپے مارے گئے۔ اس دوران کئی اور گرفتاریاں بھی کی گئیں۔”
حکام نے بتایا کہ یہ ماڈیول سرگرم دہشت گردوں کو نقل و حمل، رہائش اور مالی مدد فراہم کر رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تفتیش جاری ہے۔





