جمعرات, مئی ۱۵, ۲۰۲۵
14.9 C
Srinagar

وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سماگم ۔2025 میں اعضاء کے عطیہ پر زیادہ سے زیادہ بیداری اور تعاون پر زور دیا

سری نگر/ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج زندگیاں بچانے میں طبی ماہرین اور اِداروں کی کوششوں کی ستائش کی۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار نیشنل آرگن اینڈ ٹشو ٹرانسپلانٹ آرگنائزیشن (این او ٹی ٹی او) نئی دہلی کے زیر اہتمام اور سٹیٹ آرگن اینڈ ٹشو ٹرانسپلانٹ آرگنائزیشن (ایس او ٹی ٹی او)جموں و کشمیر کے اِشتراک سے شیرِ کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی ) میں منعقدہ دو روزہ سماگم۔2025 کے اِفتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیرا علیٰ عمر عبداللہ جو اِس تقریب کے مہمان خصوصی تھے، نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور شیرِ کشمیر اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز، گورنمنٹ میڈیکل کالج سر ی نگر اور جی ایم سی جموں کی کِڈنی اینڈقورنیل ٹرانسپلانٹس شعبے میں نمایاں خدمات اور مثالی کام کی ستائش کی۔ اُنہوں نے اِن اِداروں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں اعضاء کے عطیہ (کیڈاویرک آرگن ڈونیشن) کے عمل کو مزید فروغ دینے کے لئے اَپنی کوششوں کو تیز کریں۔
وزیر اعلیٰ نے اعضاء کے عطیہ کے حوالے سے زیادہ بیداری اور قبولیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تجویز دی کہ طبی ماہرین مذہبی علماء اور دیگر متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر اس موضوع پر بامعنی بحث و تمحیص کریں تاکہ اس حوالے سے اتفاقِ رائے پیدا کیا جا سکے۔اُنہوں نے ایک صحت مند معاشرے کے فروغ کے لئے اِن اِداروں کو مزید مضبوط بنانے میںمکمل حکومتی تعاون کا یقین دِلایا۔ وزیر اعلیٰ نے خود ادویات، طرزِزِندگی کی بیماریوں اور جسمانی سرگرمیوں کی کمی کے مضر اثرات کو اُجاگر کرتے ہوئے لوگوں کو صحت مند عادات کو اَپنانے کی ضرورت پر زرو دیا۔ اِس موقعہ پر وزیراعلیٰ نے جی ایم سی سری نگر میں شعبہ امراض چشم کے سابق سربراہ اور معروف آئی سرجن مرحوم ڈاکٹر منظور احمد کے اہل خانہ سمیت کشمیر سے اعضاء اور ٹشو عطیہ کرنے والے سفیروں کو مُبارک باد پیش کی۔اُن کی آنکھیں ساتھی ماہر امراض چشم ڈاکٹر خورشید احمد اور ڈاکٹر سیما میاں نے بعد از مرگ عطیہ کیں۔ اِس کے علاوہ گردے کی ٹرانسپلاٹیشن کرنے والی صحت مند زندگی گزارنے والی محترمہ ہینو مشتاق کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔اِس تقریب میں اعضاء کے عطیات اورٹرانسپلاٹیشن کے مختلف پہلوؤں پر ماہرین نے بات کی ۔
اِس موقعہ پر ڈائریکٹرمرکزی جنرل آف ہیلتھ سروسز ڈاکٹر اتل گوئل،ڈائریکٹر نوٹو نئی دہلی ڈاکٹر انل کمار،ڈائریکٹر ایس کے آئی ایم ایس ڈاکٹر اشرف گنائی، پرنسپل جی ایم سی سری نگر ڈاکٹر عفت حسن شاہ اور پرنسپل جی ایم سی جموں ڈاکٹر آشوتوش گپتا بھی موجود تھے۔اِس تقریب میں ملک بھر سے ریجنل آرگن اینڈ ٹشو ٹرانسپلانٹ آرگنائزیشنز (آر او ٹی ٹی اوز) اور سٹیٹ آرگن اینڈ ٹشو ٹرانسپلانٹ آرگنائزیشنز (ایس او ٹی ٹی اوز) کے مندوبین نے شرکت کی۔ ان میں روٹو نارتھ، سوٹو جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، پنجاب، راجستھان، اُتراکھنڈ، ہریانہ، روٹو ایسٹ کولکتہ، سوٹو اوڑیسہ، بہار، روٹو گوہاٹی، سوٹو اروناچل پردیش، میزورم، تریپورہ اور سکم کے نمائندے شامل تھے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img