جمعہ, مئی ۹, ۲۰۲۵
17.5 C
Srinagar

پاکستان زیر قبضہ جموں وکشمیرکے لوگ ہندوستان کے ساتھ ملنا چاہتے ہیں: ست شرما

جموں: بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے صدر ست شرما نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر (پی او جے کے) کے لوگ ہندوستان کا حصہ بننا چاہتے ہیں اور آج وہ ماحول موجود ہے جب ان کو ملک میں شامل کیا جانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ آج سنکلپ دیوس پر ہم محسوس کر رہے ہیں ان تمام علاقوں کو ملک میں شامل کیا جانا چاہئے۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’31 برس پہلے اسی دن ہماری پارلیمنٹ نے پاکستان زیر قبضہ جموں وکشمیر پر ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی، 90 کی دہائی میں کشمیر میں دہشت گردی اپنے عروج پر تھی اور اس دوران ایک غلط بیانیہ قائم کیا گیا کہ بھارتی فوج کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہی ہے اور لوگوں کو آزادی ملنی چاہیے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘ 22 فروری 1994 کو متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی کہ پاکستان زیر قبضہ جموں وکشمیر ہندوستان کا اٹوٹ انگ ہے اس وقت کانگریس کی حکومت تھی لیکن بی جے پی نے اس قرارداد کی حمایت کی اور پاکستان زیر قبضہ جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے لوگ بھارت کا حصہ بننا چاہتے ہیں’۔
مسٹر شرما نے کہا کہ آج سنکلپ دن پر یہ محسوس کیا جا رہا ہے کہ یہ علاقے ملک میں شامل ہونے چاہئے۔
انہوں نے کہا: ‘یہ ہمارا سنکلپ ہے کہ ہم پاکستان کے قبضے سے اپنے تمام علاقوں کو واپس حاصل کریں، وزیر اعظم مودی جی نے دفعہ 370 اور 35 اے کو ختم کرکے اور سرجیکل اسٹرائیک کرکے دکھایا ہے کہ ہم پیچھے نہیں ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ حصے ہندوستان کا حصہ ہوں’۔
ان کا کہنا تھا: ‘اس وقت، بی جے پی کانگریس کے ساتھ کھڑی تھی، لیکن آج جب وزیر اعظم کے دفتر سے اس طرح کے بیانات دیے جا رہے ہیں تو کانگریس کے چند رہنما ملک کی روح کو نقصان پہنچانے کے لیے کھڑے ہیں’۔
موصوف صدر نے دعویٰ کیا: ‘ پاکستان زیر قبضہ جموں وکشمیرکے لوگ آج کھلے عام کہتے ہیں کہ وہ ہندوستان کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔ آپ پاکستان میں مہنگائی اور عدم تحفظ کو دیکھ سکتے ہیں، کئی جنگوں میں شکست کھانے کے بعد اب پاکستان اپنے دہشت گردوں کو بھیج کر یہاں بھی وہی صورتحال پیدا کر رہا ہے جو پاکستان میں ہے لیکن ہمارے سکیورٹی فورسز مضبوطی سے اپنی پوسٹیں سنبھالے ہوئے ہیں’۔
جموں و کشمیر کے بجٹ پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘ہم نے اپنے ارکان اسمبلی سے کہا ہے کہ ہمیں بجٹ اجلاس میں تعمیری اور مثبت انداز میں شرکت کرنی چاہیے’
ان کا کہنا تھا کہ یہاں کی حکومت کو متوازن بجٹ تیار کرنا چاہیے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img