بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
6.9 C
Srinagar

سکینہ اِیتو نے جی ایم سی اننت ناگ کے ایم ایم اے بی ایم ایسو سی ایٹیڈ ہسپتال کے نئے تعمیر شدہ بلاک کیتھ لیب کا اِفتتاح کیا

شاہ ہلال

اننت ناگ/وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آج یہاں گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اننت ناگ کے مرزا محمد افضل بیگ میموریل (ایم ایم اے بی ایم) ایسوسی ایٹیڈ ہسپتال میں کیتھیٹرائزیشن لیبارٹری (کیتھ لیب) اورنئے تعمیر شدہ بلاک اے کا اِفتتاح کیا۔
اِس موقعہ پر اننت ناگ ضلع کے ممبران قانون سازاسمبلی بشمول عبدالمجید بٹ، پیرزادہ محمد سعید، ریاض احمد خان، الطاف احمد وانی، ظفر علی کھٹانہ،پرنسپل جی ایم سی اننت ناگ پروفیسر ڈاکٹر رُخسانہ نجیب، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن نیو میڈیکل کالجز اور ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر، ایم سی ایچ اینڈ ایمیونائزیشن ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر، سی ایم او اننت ناگ، میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ ایم ایم اے بی ایم ایسوسی ایٹیڈ ہسپتال، جی ایم سی اننت ناگ کے مختلف شعبوں کے سربراہان، صحت و طبی تعلیم کے اَفسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے ملازمین بھی موجود تھے۔
سکینہ اِیتو نے کیتھ لیب اور بلاک۔ اے کو عوام کے نام وقف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم پیش رفت جنوبی کشمیر میں صحت خدمات کے ایک نئے دور کی علامت ہے کیوںکہ جی ایم سی اننت ناگ نئی قائم شدہ میڈیکل کالجوں میں اَپنی مخصوص کیتھ لیب حاصل کرنے والا پہلا کالج بن گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا، ’’کیتھ لیب کے اِفتتاح سے جنوبی کشمیر کے لوگوں کواُن کی دہلیز کے قریب بہترین ممکنہ طبی خدمات بالخصوص کارڈیک کیئر کے معاملے میںحاصل ہوںگی۔‘‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں ہماری حکومت عوام کو اُن کی دہلیز پر عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا ،’’ہماری حکومت جموں و کشمیر میں عالمی معیار کا طبی ڈھانچے کے قیام کے لئے بھی وعدہ بند ہے اور آنے والے مہینوں میں حکومت صحت شعبے میں مختلف کمیوں کو دُور کرے گی۔‘‘
وزیر موصوفہ نے کہاکہ صحت نگہداشت سب کی اوّلین ترجیح ہونی چاہیے اور ڈاکٹروں و دیگر طبی عملے کو عوام کے اعتماد کو برقرار رکھنا چاہیے۔ اُنہوں نے اُن پر زور دیا کہ وہ مریضوں کی کیئرکے لئے بے لوث کام کریں کیوں کہ عام لوگوں کو اُن سے بہت اُمیدیں وابستہ ہیں۔
ٍ اُنہوں نے تسلیم کیا کہ اَفرادی قوت کی کمی ہے اور یقین دِلایا کہ ان کمیوں کو جلد دُور کیا جائے گا۔
وزیر صحت نے جی ایم سی اننت ناگ اور اِس کے منسلک ہسپتال کی اِنتظامیہ اور عملے کو جنوبی کشمیر کے لوگوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے پر سراہا۔
ا ِس موقعہ پر پرنسپل جی ایم سی اننت ناگ اور ڈین ڈاکٹر رُخسانہ نجیب نے ایک تفصیلی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن دی جس میں جی ایم سی اننت ناگ کی کارکردگی اور کامیابیوں کو اُجاگر کیا گیا۔ اُنہوں نے طبی عملے اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے جی ایم سی اننت ناگ کو قابل ذِکر تعاون فراہم کرنے پر وزیر صحت کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے جنوبی کشمیر کے لوگوں کو بہترین طبی سہولیات اُن کی دہلیز پر دستیاب ہونے پرمُبارک باد دی۔
یہ بات قابل ذِکر ہے کہ کیتھ لیب کے اِفتتاح سے جنوبی کشمیر اور پیر پنجال خطے کے لوگوں کو بڑی راحت ملے گی کیوں کہ اَب اُنہیں اپنے قریبی علاقوں میں ہی بہترین امراضِ قلب کی طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے جی ایم سی اننت ناگ کے ماہر امراض قلب ڈاکٹر سیّد مقبول، ڈاکٹر شمیم اِقبال اور ڈاکٹر شوکت حسین شاہ کو امراض قلب کے علاج میں اُن کے بہترین کام ،شاندار خدمات،لگن اور عزم پر مُبارک باد دی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img