بدھ, دسمبر ۱۷, ۲۰۲۵
12.9 C
Srinagar

کشمیر  کے سب سے بڑے آیوش ہسپتال میں یوگا کی نئی سہولت شروع

سری نگر: سری نگر میں واقع کشمیر کے واحد اور سب سے بڑے آیوش ہسپتال میں یوگا سہولت کا آغاز کیا گیا ہے۔

اس یوگا سینٹر جو ایک بڑے ہال میں قائم ہے، کا افتتاح ہفتہ کو شعبہ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نزہت بشیر نے جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کے بانیوں میں سے ایک معروف یونانی اسکالر حکیم اجمل خان صاحب کی سالگرہ کے موقع پر کیا تھا۔

اس سینٹر میں امراض نسواں کے علاوہ مختلف  بیماریوں جیسے ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور موٹاپے کا علاج کیا جائے گا اور مریض یومیہ یوگا مشق سے نمایاں طور پر مستفید ہوں گے۔ہسپتال کے نئے یوگا سینٹر میں مروج یوگا طریقوں کے ساتھ جدید علاج کی تکنیکوں کو ملا کر تندرستی کے لیے ایک جامع نقطہ نظر اپنایا جائے گا۔

ڈاکٹر نزہت بشیر نے اپنے خطاب میں کہا: ‘یہ یوگا سہولت ہمارے معاشرے میں طرز زندگی سے متعلق بہت سی بیماریوں کو دور کرنے میں مدد گار ثابت ہوگی’۔انہوں نے کہا: ‘ ہم نے یوگا انسٹرکٹرز کو تربیت دی ہے جو اس سہولت کو چلائیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ لوگوں کی ضروری دیکھ بھال کی جا سکے’۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر شجاع حسین شجاع نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوگا غیر متعدی امراض میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اس سہولت سے استفادہ حاصل کریں۔ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر مشتاق احمد پرے نے کہا کہ اس سینٹر میں بیماریوں سے متعلق یوگا سیشنز کا اہتمام کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا: ‘یوگا سیشن مفت ہوں گے اور اس مرکز میں مرد اور خواتین  کے لئے الگ الگ یوگا انسٹرکٹر ہوں گے’۔

Popular Categories

spot_imgspot_img