متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 8 فروری کو موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 9 فروری کو مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وادی میں 10 اور 11 فروری کو بھی مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں جس کا زیادہ اثر شمالی اور وسطی کشمیر میں رہ سکتا ہے۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ 12 سے 14 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 15 اور 16 فروری کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ موسمیاتی ایڈوائزری پر عمل کریں۔دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے سے شبانہ سردیوں کا زور بدستور قائم ہے۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سری نگر میں 21 دسمبر یعنی چلہ کلان کے پہلے ہی دن شبانہ درجہ حرارت منفی 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوکر رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جو گذشتہ 133 برسوں میں سری نگر میں ماہ دسمبر میں ریکارڈ ہونے والا تیسرا کم ترین درجہ حرارت ہے۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہو قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔