سانبہ/وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آج یہاں پنڈت پریم ناتھ ڈوگرہ گورنمنٹ ڈِگری کالج سانبہ میں ” ریاضیاتی سائنس اور ایپلی کیشنز’“پر دو روزہ قومی کانفرنس کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پررُکن قانون ساز اسمبلی سانبہ سرجیت سنگھ سلاتھیہ ، رُکن قانون ساز اسمبلی چاڈورہ علی محمد ڈار، رُکن قانون ساز اسمبلی زینہ پورہ شوکت احمد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعلیٰ تعلیم شانت منو،ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ راجیش شرما، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر شیخ اعجاز بشیر، کلسٹر یونیورسٹی کے ڈین، صوبہ جموں کے مختلف کالجوں کے پرنسپلوں اور طلبا¿ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔وزیرسکینہ اِیتو نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تعلیمی تبدیلی کی طاقت پر روشنی ڈالی اور اِن کانفرنسوںکے دوران فِکری اور دانشورانہ تبادلوں کی سراہناکی۔اُنہوں نے کہا،”اِس طرح کی کانفرنسیں خیالات کے تبادلے، تحقیق کو فروغ دینے اور مشترکہ نیٹ ورکس کی تعمیر کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں جو ہمارے خطے کی تعلیمی اور عملی ترقی میں حصہ اَدا کرتے ہیں۔“
وزیر موصوفہ نے تعلیم اور تحقیق کو آگے بڑھانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے اِدارے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اَپنی بہترین کارکردگی کوجاری رکھے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت ایک ایسے تعلیمی نظام کا تصور رکرتی ہے جو جامع، تحقیق پر مبنی اور عالمی معیار کے مطابق ہو۔ این اِی پی۔ 2020 کے مطابق بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے ، تدریس کے جدید طریقوں کو متعارف کرنے اور بین الشعبہ جاتی تحقیق کو فروغ دینے کے لئے اَقدامات کئے جارہے ہیں۔اُنہوں نے تعلیمی اِداروں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی دونوں میں معیار کو بہتر بنانے کے لئے کالج کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کی۔رُکن قانون ساز اسمبلی سانبہ سرجیت سنگھ سلاتھیہ نے اَپنے خطاب میں ایک بصیرت اَفروز کانفرنس کے اِنعقاد میں کالج کی کوششوں کی ستائش کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تکنیکی اِختراعات اور مسائل کے حل میں ریاضی کے اہم رول پر روشنی ڈالی۔اِس موقعہ پر ڈائریکٹر کالجز نے خطاب کرتے ہوئے سکالروںکے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر کانفرنس کو سراہا۔
کانفرنس کے کوآرڈی نیٹر پروفیسر نارائن دَت نے کانفرنس کے موضوع کا تعارف کرتے ہوئے تکنیکی ترقی میں ریاضی کے رول پر زور دیا جبکہ پروفیسر ایمریٹس ڈاکٹر اے پی سنگھ نے اپنے کلیدی خطاب میں آج کے تیزی سے بدلتے ہوئے تکنیکی منظر نامے میں ریاضیاتی ایپلی کیشنز کی ضرورت پر زور دیا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے کانفرنس ایبسٹرکٹ بُک، کالج میگزین بسنتر، وِکاس بھارت میگزین ”یووا درشتی“، آئی کیو اے سی نیوز لیٹر ’سارتھی‘ اور پی آر اے وی اے ڈی الیکٹورل لٹریسی کلب کے نیوز لیٹر”نیتی نیرڈ“ بھی جاری کیا۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ کانفرنس میں ریاضیاتی تجزیے، اطلاقی ریاضی، کمپیوٹیشنل ریاضی، ریاضیاتی طبیعیات اور الجبرا جیسے مختلف موضوعات پر 80 تحقیقی مقالے اور پوسٹر پرز ٹیشنز پیش کئے جائیںگے جن میں مختلف اِداروں کے 135 شرکا¿ نے شرکت کی۔
بعد میں سکینہ اِیتو نے کانفرنس کے موقعے پر کالج کے لئے نئے اکیڈیمک بلاک اور لائبریری میں آر ایف آئی ڈی یونٹ کا اِفتتاح کیا اور کالج کینٹین کو خواتین سیلف ہیلپ گروپوں کے ذریعے ’اُمید‘سکیم کے تحت چلایا جائے گا۔