جموں/چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے آج آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ( ایمز ) اونتی پورہ کے تکمیل میں حائل رکاوٹوں اور اس کے جلد تکمیل کا جائیزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایمز اونتی پورہ ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی ، سیکرٹری ایچ اینڈ ایم ای ، ڈپٹی کمشنر پلوامہ ، چیف انجینئر سی پی ڈبلیو ڈی اور ڈی جی بجٹ کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے سائٹ پر اب تک اٹھائے گئے فزیکل انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ اس کی تکمیل کی مجوزہ تاریخوں کا بھی نوٹس لیا ۔ انہوں نے وہاں کام کرنے کیلئے دستیاب مزدوروں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں دریافت کیا اور ایجنسی پر زور دیا کہ وہ سردیوں کے ختم ہونے کے فوراً بعد ان کی تعداد میں اضافہ کرے ۔ انہوں نے واٹر سپلائی اسکیم اور ادارے کی طرف جانے والی اپروچ روڈ کا بھی نوٹس لیا ۔ انہوں نے محکمہ جل شکتی کو ہدایت دی کہ ڈبلیو ایس ایس کے پہلے مرحلے کو اس سال مئی تک مکمل کر لیا جائے جن میں 3 بور ویل اور دیگر متعلقہ کام شامل ہیں تا کہ ہسپتال کو فعال بنانے کیلئے پانی کی مناسب فراہمی ہو سکے ۔
مسٹر ڈولو نے اس پروجیکٹ کی مستقبل میں توسیع کیلئے اضافی زمین اور دیگر ضروریات کا مزید جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے انتظامی تعاون کے مستحق کسی بھی زیر التوا مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور ساتھ ہی انہیں ان کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ( ای ڈی ) ایمز اونتی پورہ ڈاکٹر سچیدا نند موہنتی نے ہر بلاک کی تکمیل کی ممکنہ تاریخوں کے ساتھ اس سہولت کی تیاری کا مجموعی منظر نامہ فراہم کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ کو ممکنہ طور پر اس سال نومبر کے آخر تک فعال کر دیا جائے گا ۔
