میٹنگ کی صدارت کی اور جی ایم سی کے جاری منصوبوں کے کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا
سپر سپیشلٹی ہسپتال میں آئی سی یو کا اِفتتاح کیا
جموں/ وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آج گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) اور سپر سپیشلٹی ہسپتال (ایس ایس ایچ) جموں کا تفصیلی معائینہ کیا تاکہ سہولیات اورجاری کاموں کا جائزہ لیا جاسکے اور جموں اور آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کے لئے صحت خدمات کے مو¿ثر کام کاج کو یقینی بنایا جاسکے۔
وزیر موصوفہ کے ہمراہ سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ ،پرنسپل اور ڈین جی ایم سی جموں، مختلف شعبوںکے سربراہان، تمام ایسوسی ایٹیڈ ہسپتالوں کے میڈیکل سپراِنٹنڈنٹوں اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔
سکینہ اِیتو نے جی ایم سی اور ایسوسی ایٹیڈ ہسپتال کے معائینے کے دوران بنیادی ڈھانچے، سازوسامان، مریضوں کی صحت خدمات اور صفائی ستھرائی کے معیارکا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ہسپتال کے عملے کے ساتھ بات چیت کی تاکہ اُنہیں درپیش چیلنجوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکے۔
اُنہوں نے بی ایس ایل لیب، وِی آر ڈِی ایل آئی سی ایم آر لیب، چوپڑا نرسنگ ہوم اور ہسپتال کے دیگر حصوں کا بھی معائینہ کیا۔اُنہوں نے ہسپتال کے ان اہم حصوں کا دورہ کرتے ہوئے ضروری اَدویات، تشخیصی آلات اور اَفرادی قوت کی دستیابی پر زور دیا تاکہ مریضوں کو ان سہولیات سے مناسب فائدہ پہنچایا جاسکے۔
وزیر موصوفہ نے دورے کے موقعے پر جی ایم سی اور ایسوسی ایٹیڈ ہسپتالوں کے مختلف جاری منصوبوں پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت بھی کی۔ اُنہوں نے بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال جموں، ایس ایم جی ایس ہسپتال شالیمار، ایم سی سی ایچ گاندھی نگر، سٹیٹ کینسر اِنسٹی چیوٹ جموں، چیسٹ ڈیزیز ہسپتال اور سپر سپیشلٹی ہسپتال جموں کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا۔
دوران میٹنگ وزیر موصوفہ نے اِنفراسٹرکچر کی اَپ گریڈیشن، زیر تعمیر عمارتوں کی صورتحال، جدید طبی آلات کی خریداری کے ساتھ ساتھ صحت سہولیات کو آسان اور بہترطریقے سے چلانے کے لئے اَفرادی قوت کی ضرورت کا بھی جائزہ لیا۔
سکینہ اِیتو نے معیاری صحت سہولیات کی فراہمی میں ہسپتال اِنتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے موجودہ خامیوں کو دور کرنے کے لئے صحت خدمات میں مسلسل بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے خطے میں مجموعی کارکردگی اور مریضوں کی نگہداشت کے معیار کو بڑھانے کے لئے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں اَفسران کو ہدایت دی کہ دیگر شراکت داروں کی مشاورت سے کاموں کی بروقت تکمیل میں کسی بھی قسم کی رُکاوٹوں کو دور کریں اور اِس بات کو یقینی بنا ئیں کہ ان منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے۔
اُنہوں نے جموں و کشمیر میں صحت نگہداشت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کے عزم پر روشنی ڈالتے ہوئے اِس بات کا اعادہ کیا کہ مریضوں پر مرکوز نقطہ نظر موجودہ حکومت کی ترجیح ہے۔ اُنہوں نے اَفسران سے کہا کہ وہ ہم آہنگی سے کام کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ معاشرے کے تمام طبقوں کو سستی ، قابل رَسائی اور اعلیٰ معیار کی صحت سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔
سکینہ اِیتو نے صحت سہولیات میں صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صحت اِداروں میں صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے کے لئے سخت اقدامات کریں۔ اُنہوں نے کہا ،” ہسپتالوں میں آپریشنز کو بہتر بنانے اور خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا اِستعمال بھی کیا جانا چاہیے۔“
اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے جی ایم سی جموں کے ہسپتال اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ہسپتال کے ایمرجنسی سیکشن میں بھیڑ کو کم کریں تاکہ مریضوں کا مو¿ثر طریقے سے علاج کیا جاسکے۔
بعد میں وزیر سکینہ اِیتو نے سپر سپیشلٹی ہسپتال اور سٹیٹ کینسر اِنسٹی چیوٹ جموں کا دورہ کیا اور اُنہوں وہاں مریضوں کے لئے دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اُنہوں نے سپر سپیشلٹی ہسپتال میںہسپتال میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی ایمرجنسی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اِنتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) کا بھی اِفتتاح کیا۔
وزیر موصوفہ نے ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا اور ہسپتال کے بریکی تھراپی سینٹر کے اورہسپتال کے پی ای ٹی ۔سی ٹی سکین کی سہولیت کا بھی جائزہ لیا۔
اِس موقعہ پر سکینہ اِیتو نے ہسپتال اِنتظامیہ سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ وہ عوام کو سہولیت فراہم کریں تاکہ وہ ان جدید ترین ٹیسٹ کیئر سہولیات سے فائدہ اُٹھا سکیں۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ وہ مریضوں اور تیمارداروں کی آسانی کے لئے تمام تشخیصی ٹیسٹوں کی نرخوں کو مطلع کریں۔
اِس موقعہ پر سیکرٹری صحت وطبی تعلیم، پرنسپل اور ڈین جی ایم سی جموں، سپرسپیشلٹی ہسپتال کے مختلف شعبوں کے سربراہان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔