بانڈی پورہ: پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں آن لائن مالیاتی دھوکہ دہی میں 5 لاکھ 5 ہزار روپیے نقدی اور 3 لاکھ روپیے مالیت کے 19 سمارٹ فون برآمد کیے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو لوگوں کی طرف سے مختلف مالیاتی دھوکہ دہی، گمشدہ/چوری شدہ موبائل فون اور دیگر سوشل میڈیا جرائم کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ان شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے بانڈی پورہ پولیس نے دھوکہ بازوں کے کھاتوں سے 5 لاکھ 5 ہزار روپیوں کی رقم برآمد کرکے ایک اہم پیش رفت حاصل کی ہے اور تمام قانونی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے بعد اس رقم کو متاثرین کے بینک کھاتوں میں واپس کردیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مزید برآں پولیس نے 3 لاکھ روپیے مالیت کے 19 گمشدہ/چوری شدہ سمارٹ فونز بھی برآمد کیے ہیں اور ضروری قانونی کارروائیوں کی تکمیل کے بعد ان کو مالکان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وصول کنندگان نے بانڈی پورہ پولیس کی رقم اور موبائل فونز کی بازیابی میں انتھک کوششوں کے لیے شکریہ ادا کیا۔
بانڈی پورہ پولیس عام لوگوں کو مشورہ دیتی ہے کہ وہ سائبر سے متعلق دھوکہ دہی اور جرائم سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے احتیاط کے ساتھ اپنے موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک میڈیا گیجٹس کا استعمال کریں۔