بدھ, فروری ۱۲, ۲۰۲۵
11.7 C
Srinagar

جموں وکشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا باب رقم ہو رہا ہے: نریندر مودی

سونہ مرگ : وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کو ٹنلوں، پلوں اور روپ ویز کا مرکز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں دنیا کی بلند ترین سرنگ، ریلوے پل اور ریل لائنیں تعمیر کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چناب پل کی شاندار انجینئرنگ دیکھ کر دنیا ورطہ حیرت میں ہے۔

وزیر اعظم نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز وسطی کشمیر کے سونہ مرگ میں زیڈ موڑ ٹنل کا افتتاح کرنے کے بعد ایک عوامی ریلی سے خطاب کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘ہمارا جموں وکشمیر ٹنلوں، پلوں اور روپ ویز کا مرکز بن رہا ہے، دنیا کی بلند ترین ٹنل یہاں تعمیر ہو رہی ہے، دنیا کا بلند تریب ریلوے برج یہاں بن رہا ہے، دنیا کی بلند ترین ریل لائینز یہاں تعمیر ہو رہی ہیں اور چناب پل کی شاندار انجینئرنگ دیکھ کر دنیا حیران ہے’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہر چیز کا ایک مخصوص وقت ہوتا ہے اور ہر صحیح چیز صحیح وقت پر ہوتی ہے’۔

مسٹر مودی نے کہا کہ وہ سونہ مرگ ایک سیوک کی حیثیت سے آئے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘میں آج یہاں آپ کے درمیان ایک خدمتگار کی حیثیت سے آیا ہوں کچھ دن پہلے مجھے آپ کے جموں ڈویژن کے ریلوے کی سنگ بنیاد رکھنے کا موقع نصیب ہوا یہ لوگوں کی دیرینہ مانگ تھی اور آج مجھے سونہ مرگ ٹنل لوگوں کے نام وقف کرنے کا موقع ملا بھی لوگوں کی ایک دیرینہ مانگ تھی’۔انہوں نے کہا کہ اس ٹنل سے جموں وکشمیر اور لداخ کے لوگوں کی سختیاں دور ہوں گی۔

نریندر مودی نے اپنے پرانے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا: ‘میں بی جے پی کے ایک کارکن کی حیثیت سے کشمیر آیا کرتا تھا اور گھنٹوں کئی کلو میٹر پیدل طے کرتا تھا’۔انہوں نے کہا: ‘دو روز قبل ہمارے وزیر اعلیٰ نے اپنے ایکس ہینڈل پر کچھ تصویریں شیئر کیں جنہیں دیکھ کر میں آپ لوگوں کے درمیان آنے کے لئے بے صبری سے انتطار کر رہا تھا’۔ان کا کہنا تھا: ‘جب میں بی جے پی کا کارکن تھا تو میں یہاں اکثر و بیشتر آیا کرتا تھا، میں نے یہاں خواہ وہ سونہ مرگ ہے، گلمرگ ہے، بارہمولہ ہے یا گاندربل ہے، کافی وقت گذارا ہے’۔انہوں نے کہا: ‘ہم یہاں کئی کلو میٹر پیدل طے کرتے تھے ان دنوں بھی بھاری برف باری ہوتی تھی لیکن یہاں کے لوگوں کا جوش ہمیں کبھی سردی محسوس نہیں ہونے دیتا تھا’۔

وزیر اعظم نے کہا: ‘آج ایک خاص موقع ہے ملک بھر میں تہوار کا سماں ہے،آج سے پریاگ راج میں مہا کمبھ شروع ہو گیا ہے جہاں کروڑوں لوگ مقدس غسل کے لیے جمع ہوئے ہیں پورا ہندوستان لوہڑی، مکر سنکرانتی، پونگل، ماگھ بیہو منا رہا ہے میں سب کی کامیابی کی خواہش کرتا ہوں’۔

مسٹر مودی نے کہا: ‘ اب کشمیر کو ریلوے سے جوڑا جا رہا ہے عوام ترقیاتی کاموں سے خوش ہیں سکول اور کالج بن رہے ہیں یہ نیا جموں و کشمیر ہے پوری قوم ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں مصروف ہے یہ تب ممکن ہے جب معاشرے کے کسی بھی طبقے کو ترقی کی دوڑ میں نظر انداز نہ کیا جا سکے’۔انہوں نے کہا:: ‘گذشتہ دس برسوں کے دوران ہم نے جموں وکشمیر میں امن اور ترقی کے ماحول کے فائدے دیکھے ہیں اور سال گذشتہ کے دوران 2 کروڑ سے زیادہ سیاحوں نے جموں وکشمیر کی سیر کی’۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر تعمیر و ترقی کا ایک نیا باب رقم کر رہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آنے والے دنوں میں جموں کشمیر میں ریل اور روڈ رابطے کے کئی پروجیکٹوں کا مکمل کیا جائے گا۔زوجیلا ٹنل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک اور بڑے پروجیکٹ کی تکیمل قریب ہےاور اب کشمیر ریل میں بھی شامل ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا: ‘مرکز میں ہماری حکومت آنے کے بعد سونل مرگ ٹنل پر سال 2015 میں کام شروع کیا گیا تھا اور میں خوش ہوں کہ ہماری ہی حکومت میں یہ پایہ تکمیل کو پہنچا’۔

کشمیر میں جاری سرد ترین موسم ‘چلہ کلان’ کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘یہ موسم سونہ مرگ جیسے سیاحتی مقامات کے لیے نئے مواقع لے کر آتا ہے کیونکہ اس موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے ملک بھر سے سیاح یہاں آتے ہیں’۔قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نے پیر کو سونہ مرگ میں زیڈ موڑ ٹنل ٹنل کا افتتاح کیا۔حکام کے مطابق 27 سو کروڑ روپیوں کی لاگت سے تیار 6.4 کلو میٹر طویل زیڈ موڑ ٹنل سے سری نگر سے سونہ مرگ تک سال بھر بلا تعطل رابطہ قائم رہے گا اور اس کے علاوہ مقامی تجارت اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹنل سری نگر اور لیہہ کے درمیان سفر کے وقت میں کمی کا باعث بن جائے گی اور اس سے تھاجیواس گلیشئر تک بہتر رسائی اور سندھ دریا پر وائٹ واٹر رافٹنگ کی سہولت فراہم ہوگی۔ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹنل اسٹراٹیجک لحاظ سے ایک اہم منصوبہ ہے جو سال بھر ہر موسم میں رابطہ فراہم کرے گا۔اس ٹنل میں مین ٹنل، متوازی ایمرجنسی سرنگ اور ہوا کی نکاسی کے لئے بھی سرنگ شامل ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img