کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور ٹیلنٹ کو نِکھارنے کیلئے پُر عزم ہیں۔ نائب وزیراعلیٰ
جموں /نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی کے ہمراہ نیو اِنڈور سٹیڈیم ،ایم اے سٹیڈیم جموں میں نیشنل ایروبِک جمناسٹک چمپئن شپ 2024-25 ءکا اِفتتاح کیا۔جموں و کشمیرسپورٹس کونسل کی جانب سے جمناسٹک فیڈریشن آف اِنڈیا اور جمناسٹک ایسوسی ایشن آف جموں و کشمیر کے اِشتراک سے منعقد ہونے والے اِس ایونٹ میں 20 ریاستوں، یوٹیز اور بورڈوں کے 500 سے زیادہ کھلاڑی اور آفیشلز شرکت کرتے ہیں۔اِس چمپئن شپ جو 10 سے 13 جنوری تک جاری رہنے والی ہے، کا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں میں مشغول کرنا اور قومی اور بین الاقوامی سطح پر ٹیلنٹ کونکھارنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ یہ اَقدام” مائی یوتھ مائی پرائیڈ“اور ”آزادی کا امرت مہااُتسو“مہم کا حصہ ہے۔ یہ تیسری بار ہے جب جموں و کشمیر نے اِس باوقار تقریب کی میزبانی کی ہے۔نائب وزیرا علیٰ نے چمپئن شپ کی میزبانی کے لئے منتظمین کی سراہنا کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں قومی سطح کے کھیلوں کے ایونٹ کی میزبانی کرنے پر فخر کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے منشیات کے اِستعمال جیسے سماجی مسائل سے نمٹنے کے لئے نوجوانوں کی توانائی کو کھیلوں میں شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا،” ہمارے خطے کا مستقبل ہمارے نوجوانوں میں مضمر ہے۔ کھیلوں میں مواقع فراہم کرکے ہم اُمید اَفزا کیریئربناسکتے ہیں اوراُن کی اُمنگوں کی حوصلہ اَفزائی کر کے پورا کرسکتے ہیں“۔ اُنہوں نے منتظمین کو سراہا اور تمام شرکا¿ کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے پُرعزم ہے ۔ اِس کے علاوہ ہم کھلاڑیوں اور کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لئے بھی سرگرمی سے اَقدامات کررہے ہیں تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرسکیں۔وزیر اعلی کے مشیر نے جمناسٹک ، واٹر سپورٹس اور مارشل آرٹس سمیت جموں و کشمیر میں اولمپک کھیلوں میں بے پناہ صلاحیتوں کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ مقامی ایتھلیٹس ایشیائی اور اولمپک مقابلوں میں عمدہ اورشاندارکارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر کو کھیلوں کے مرکز کے طور پر قائم کرنے کے لئے بنیادی ڈھانچے ، تربیت اور کوچنگ کو بڑھا کر اولمپک کھیلوں کو ترجیح دینے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اِس موقعہ پرسیکرٹری امورِ نوجوان و کھیل کود سرمد حفیظ نے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیرکے جمناسٹوں کی کامیابیوں کو سراہا اور ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔صدرجمناسٹک فیڈریشن آف اِنڈیا سدھیر متل نے جموں و کشمیر حکومت کے تعاون کی تعریف کی اور جمناسٹک میں خطے کے بنیادی ڈھانچے اور ہنر کی ترقی کی ستائش کی۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل اَمورِ نوجوان و کھیل کود راجندر سنگھ تارا، سیکرٹری سپورٹس کونسل نزہت گل، نائب صدر جی ایف آئی اور صدرجمناسٹک ایسوسی ایشن جموں و کشمیر کرن واتل اور دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔چمپئن شپ 13 جنوری تک جاری رہے گی۔