جموں،: جموں کے گریٹر کالاش علاقے میں اُس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب بدھ کی شام ایک شادی کی تقریب کے دوران ایک شخص نے فاروق عبداللہ پر پستول سے فائرنگ کی تاہم غنمیت یہ رہی ہے کہ گولی کسی کو نہیں لگی۔ فائرنگ کے اس واقعے میں نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
واقعہ رائل پارک کے نزدیک پیش آیا جہاں شادی کی تقریب جاری تھی۔ جیسے ہی گولی کی آواز سنائی دی، وہاں موجود حفاظتی اہلکاروں نے فوری حرکت میں آتے ہوئے حملہ آور کو قابو میں کر لیا اور اسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج جو کہ وزیرا علیٰ عمر عبداللہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی ہے صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص پیچھے سے آکر ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر نزدیک سے گولی چلا رہے ہیں تاہم غنمیت یہ رہی ہے کہ گولی فاروق عبداللہ کو نہیں لگی اور اس طرح وہ بال بال بچ گئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور کی شناخت کمل سنگھ جموال، ساکن پرانی منڈی جموں، کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کئی منٹ تک مقام کے آس پاس منڈلاتا رہا اور پھر ایک گولی چلائی، جو کسی کو لگی نہیں۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ فائرنگ کے پیچھے اصل مقصد کیا تھا۔
فائرنگ کے بعد علاقے میں سیکورٹی مزید سخت کر دی گئی اور پولیس کی اضافی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ شادی کی تقریب کے آس پاس واقع گھروں اور دکانوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کیے جا رہے ہیں جبکہ عینی شاہدین کے بیانات بھی قلم بند کیے جا رہے ہیں۔
پولیس نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ معاملے کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے اور ہر پہلو کو باریک بینی سے دیکھا جا رہا ہے۔
۔





