جمعرات, جنوری ۲۳, ۲۰۲۵
2.5 C
Srinagar

عاپ، کانگریس اور دیگر جماعتوں کو طے کرنا چاہئے کہ وہ الیکشن میں بی جے پی کا کس طرح مقابلہ کرسکتے ہیں: عمر عبداللہ

جموں: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ عام آدمی پارٹی، کانگریس اور دیگر سیاسی جماعتوں کو یہ طے کرنا چاہیے کہ وہ دلی کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کا کس طرح بھر پور مقابلہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں میں منعقدہ اورینٹیشن پروگرام سے ارکان اسمبلی کو فائدہ پہنچے گا۔
وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
دلی اسمبلی انتخابات کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘میں اس کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتا ہوں ہمارا دلی الیکشن کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے تاہم وہاں جو سیاسی جماعتیں لڑ رہی ہیں وہ یہ طے کر لیں کہ وہ بی جی پی کا کس طرح مقابلہ کر سکتی ہیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی پارٹی نے دلی میں گذشتہ دو الیکشن جیتے ہیں اس وقت ہمیں انتظار کرنا ہوگا کہ دلی کے لوگ کیا فیصلہ کرتے ہیں’۔
انڈیا الائنس کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘الائنس کے لئے وقت کی کوئی حد معین نہیں تھی لیکن بدقسمتی سے اس کی کوئی میٹنگ نہیں بلائی گئی تاکہ اس کی قیادت اور ایجنڈے کو واضح کیا جا سکے’۔
انہوں نے کہا کہ دلی الیکشن کے بعد یہ اچھا ہوگا کہ الائنس کے تمام متعلقین کی میٹنگ بلائی جائے تاکہ یہ واضح کیا جائے کہ یہ الائنس صرف پارلیمنٹ انتخابات تک ہی محدود تھی یا اسمبلی الیکشن تک بھی ہے تاکہ ہم مل کر کام کر سکیں’۔
جموں میں منعقدہ اورینٹیشن پروگرام بارے میں عمر عبداللہ نے کہا کہ یہ پروگرام نئے ارکان اسمبلی کو جموں وکشمیر کے نئے قانون سازی کے فریم ورک کے مطابق ڈھالنے میں مدد کرے گا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img