جموں: منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری جنگ میں جموں وکشمیر پولیس نے ضلع اودھم پور میں ایک منشیات فروش کی لاکھوں روپے مالیت کی منقولہ جائیدا کو ضبط کر دیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اودھم پور پولیس نے ایک منشیات فروش کی تقریباً 30 لاکھ روپیوں کی منقولہ جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68 – ایف کے تحت منسلک کر دیا۔
ملزم کی شناخت اعجاز احمد ڈار ولد عبد الرشید ڈار ساکن گلاب باغ سری نگر کے طور پر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج ایف آئی آر نمبر 28/2026 کے سلسلے میں عمل میں لائی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم جو ایک بدنام زمانہ منشیات فروش ہے، نے منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل شدہ رقم سے ایک انووا کرسٹا گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK01AX – 8441 خریدی تھی۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ گاڑی کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68 – ایف کے تحت ضبط کرکے مزید قانونی کارروائی کے لئے منسلک کر دیا گیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ مزید تحقیقات سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزم کے خلاف پولیس اسٹیشن زکورہ اور پولیس اسٹیشن زڈی بل میں بھی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے درج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملزم اس وقت ضلع جیل اودھم پور میں بند ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ اس کارروائی کے ساتھ اودھم پور پولیس کی جانب سے رواں سال این ڈی پی ایسا یکٹ سے متعلق منسلک کی گئی جائیدادوں کی مجموعی مالیت 2.10 کروڑ روپیے تک پہنچ گئی۔





