پیر, جنوری ۲۰, ۲۰۲۵
9.1 C
Srinagar

سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال سند ربنی اور نوشہرہ کی مقررہ وقت کے اندر تکمیل کو یقینی بنائیں۔نائب وزیر اعلیٰ کی افسران کو ہدایت

جموں / نائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری نے دُور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صحت سے متعلق بنیادی ڈھانچے پر کام کی رفتار کوتیز کرنے کی ہدایت دی۔اِن باتوں کا اِظہار اُنہوں نے راجوری ضلع میں سندربنی اور نوشہرہ کے زیر تعمیر سب ڈِسٹرکٹ ہسپتالوں کی تکمیل کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے طلب کی گئی ایک جائزہ میٹنگ کے دوران اَفسران سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ،سیکرٹری پی ڈبلیو (آر اینڈ بی) ڈپارٹمنٹ ،سیکرٹری صحت و طبی تعلیم محکمہ، ایم ڈی جے پی ڈی سی ایل جموں، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسزجموں، چیف اِنجینئران پی ڈبلیو (آر اینڈ بی) زون پیر پنجال،میکنیکل اینڈ ہاسپٹل اِنجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ جموں، جے پی ڈی سی ایل جموں اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔نائب وزیراعلیٰ نے افسران کو ہدایت دِی کہ ایس ڈی ایچز کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے قریبی تال میل برقرار رکھیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر کوئی رُکاوٹ ہے تو اسے دور کیا جانا چاہئے تاکہ منصوبے پر کام میں تیزی لائی جاسکے اور لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہم کرنے کے لئے حکومت کی طرف سے اُٹھائے گئے اَقدامات سے اِستفادہ حاصل ہو۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِن منصوبوں پر کام ڈبل شفٹوں کیا جائے تاکہ ان پروجیکٹوں کی تکمیل جلد ہو۔ اُنہوں نے کہا ،” ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے اور دیہی اور دُور دراز علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کے لئے پُرعزم ہیں۔ ہیلتھ کیئر سے متعلق مختلف ِانفراسٹرکچربالخصوص زیر تعمیر ہسپتالوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کے لئے ہدایات پہلے ہی جاری کی جاچکی ہیں اوران کی نگرانی بھی کی جارہی ہے تاکہ اُنہیں جلد از جلد مکمل کیا جاسکے۔“میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ سندربنی میں 50 بستروں پر مشتمل سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال کی تعمیرتقریباً 18.57 کروڑ روپے کی لاگت کی جارہی ہے اور یہ جولائی 2025 ءتک مکمل ہوجائے گا۔ اِسی طرح نوشہرہ میں 100 بستروں پر مشتمل سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال کی اَپ گریڈیشن کا کام 18.8 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا جا رہا ہے جو جولائی 2025 ءتک مکمل ہو جائے گا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img