اتوار, جنوری ۱۹, ۲۰۲۵
9.6 C
Srinagar

جاویداحمد ڈار اور ناصر اسلم وانی نے کپواڑہ میں برف ہٹانے اور ضروری خدمات کی بحالی کا جائزہ لیا

کپواڑہ /وزیربرائے زراعت ، دیہی ترقی و پنچایتی راج جاوید احمد ڈار اور وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے آج ضلع انتظامیہ کپواڑہ کے افسران پر زور دیا کہ وہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری لگن اور تال میل کے ساتھ کام کریں ۔ اِن باتوں کا اِظہار وزیرموصوف اور وزیر اعلیٰ کے مشیر نے یہ بات ضلع کپواڑہ میں حالیہ برف باری کے بعد برف صاف کرنے اور ضروری خدمات کی بحالی کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ڈی سی آفس کپواڑہ کے منی میٹنگ ہال میں ضلعی اور سیکٹورل افسران کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں ایم ایل اے لولاب قیصر جمشید لون ، ایم ایل اے لنگیٹ خورشید احمد شیخ ، ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈن موجود تھے ۔ اس موقعہ پر جاوید احمد ڈار نے لائن ڈپارٹمنٹوں کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ سردی کے اس سخت موسم میں عوام کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے انتہائی ہم آہنگی اور لگن سے کام کریں ۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ دوستانہ اور انسانیت سے پیش آئیں جنہیں اپنے مسائل کے حل کیلئے انتظامیہ اور حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں ۔ اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کے مشیر نے بھی بات کی اور افسران پر زور دیا کہ وہ آپس میں قریبی ہم آہنگی کو یقینی بنائیں اور برف باری کے موسم میں کسی بھی صورتحال سے نمٹیں ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے اِس موقعہ پرمعززین کو برف کی صفائی کی پیش رفت اور برف باری کے بعد ضلع میں بجلی اور پانی کی فراہمی کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ وزیر موصوف نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ کوششیں تیز کریں اور اپنے دائرہ اختیار میں آنے والی تمام سڑکوں کی کلیئرنس کو یقینی بنائیں ۔ وزیر اور مشیر نے کنٹرول روموں کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا اور بتایا گیا کہ انتظامیہ کی طرف سے ضلعی سطح پر ، سب ڈویژن کی سطح پر اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں تا کہ لوگوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے ۔ اس موقعہ پرایم ایل اے لولاب قیصر جمشید لون اور ایم ایل اے لنگیٹ خورشید احمد شیخ نے بھی خطاب کیا اور اپنے اپنے حلقوں کے مسائل پیش کئے ۔

Popular Categories

spot_imgspot_img