سری نگر: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں نارملسی مکمل طور پر بحال نہیں ہوئی ہے کیونکہ ملی ٹنٹ حملے لگاتار ہو رہے ہیں تاہم قیام امن کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
عمر عبداللہ نے کشمیر کا نام تبدیل کرنے کی افواہوں کو بھی سختی کے ساتھ مسترد کیا۔
ان باتوں کا اظہاموصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے کشمیر کے متعلق دئے گئے بیان پر عمر عبداللہ نے کہا :’جموں وکشمیر میں قیام امن کے لئے کوششیں جاری ہیں کیونکہ ابھی حالات پوری طرح سے معمول پر نہیں آئے ہیں۔‘
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں لگاتار ملی ٹینٹ حملے ہو رہے ہیں لہذا یہ کہنا کہ حالات معمول پر آئے ہیں درست نہیں.
وادی کشمیر کا نام تبدیل کرنے کے بارے میں جب وزیر اعلیٰ سے سوال کیا گیا تو عمر عبداللہ نے کہاکہ ایسی کوئی بات نہیں ، یہ ایک اخبار یا نیوز چینل نے خبر چلائی تھی اور بعد ازاں اس کو درست کیا گیا۔
عمر عبداللہ نے کہاکہ جموں وکشمیر سرکار کی اجازت کے بغیر ایسا ممکن ہی نہیں ہے۔
بجلی کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہاکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال بجلی نظام میں بہتری واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔
امکانی برف باری کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہم نے پوری تیاری کی ہوئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ تمام محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ امکانی برف باری کے پیش نظر تیار رہے تاکہ لوگوں کو اگر کسی قسم کی مشکل کا سامنا کرنا پڑے تو اس کو فوری طورپر حل کیا جائے۔