جمعرات, جنوری ۲۳, ۲۰۲۵
2.5 C
Srinagar

شمالی کشمیر میں 2024کے دوران 536منشیات فروش گرفتار 155.27کروڑ روپیہ مالیت کی ممنوع نشیلی اشیاءضبط : پولیس

سری نگر:معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لیے مہم کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ، بانڈی پورہ اور کپوارہ اضلاع میں سال رواں کے دوران زائد از ڈیڑھ سو کروڑ روپیے مالیت کا منشیات ضبط کیا ہے۔
شمالی کشمیر کے اضلاع لائن آف کنٹرول سے متصل ہے لہذا امسال پولیس نے بڑے پیمانے پر منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاون شروع کیا جس دوران کروڑوں روپیہ کی جائیدادوں کی ضبطی کے ساتھ ساتھ متعدد منشیات فروشوں کو بھی دھر دبوچاگیا۔
پولیس کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق سال 2024میں شمالی کشمیر میں 536منشیات فروشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے خلاف 415کیس درج کئے گئے ۔ 105منشیات فروشوں کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق شمالی کشمیر میں سال 2024کے دوران 155.27کروڑ روپیہ مالیت کی ممنوع نشیلی اشیاء جس میں 16.99کلو ہیروئن، 17.34کلو برون شوگر، 75.6کلو گرام چرس، 133.13کلو گرام فکی ،12.3کلو گرام ممنوع نشیلی اشیاءاور 33ہزار نشہ آور ادویات کو ضبط کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں منشیات فروشوں سے منسلک 6.24کروڑ روپیہ مالیت کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کو بھی قرق کیا گیا۔
ڈی آئی جی شمالی کشمیر مقصود الزماں کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف جنگ میں عوام الناس کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ساتھ اپنا بھر پور تعاون فراہم کرنا چاہئے تاکہ اس کے تباہ کن نتائج سے سماج کو پرے رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہاکہ شمالی کشمیر میں معاشرے سے منشیات کی لعنت کو پوری طرح سے ختم کرنے کی خاطر پولیس کو امسال اہم کامیابیاں مل پائی ہیں۔
ان کے مطابق منشیات کے خلاف ایک طرف جنگ جاری ہے تو دوسری جانب منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی جائیدادوں کی بھی نشاندہی کا کام شدو مد سے جاری ہے۔
ڈی آئی جی نے کہاکہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ جرائم میں ملوث تمام افراد کے مالیاتی اثاثوں کی ضبطی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ جموں وکشمیر پولیس سال 2025میں نئے چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے ۔
مقصود الزماں نے کہاکہ منشیات سے پاک ماحول اور خوشحال معاشرے کی تشکیل کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ساتھ اپنا دست تعاون فراہم کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ منشیات فروشی سماج کے لئے ناسور ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو آگے آنا چاہئے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img