اتوار, جنوری ۱۹, ۲۰۲۵
9.6 C
Srinagar

کشمیر :سری نگر اور دیگر میدانی علاقوں میں رواں سیزن کی پہلی برف باری

سری نگر: گرمائی دارلحکومت سری نگر اور وادی کشمیر کے دوسرے میدانی علاقوں میں رواں سیزن کی پہلی برف باری ہوئی جس سے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
وادی کے میدانی علاقوں میں جمعے کی دوپہر برفباری شروع ہوئی جس وجہ سے پوری وادی میں سفید پرت جمع ہوئی۔
تازہ برف باری کے بعد سنتھن شاہراہ اور مغل روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت کو بند کیا گیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعے کی سہ پہر پانچ بجے تک کولگام میں تین انچ، پلوامہ میں دو انچ، پہلگام میں چار انچ، قاضی گنڈ میں پانچ انچ، اننت ناگ میں چار انچ، سری نگر میں ایک انچ، چرار شریف میں تین انچ، یوسمرگ میں چار انچ اور شوپیاں میں دو انچ کے قریب برف ریکارڈ ہوئی۔ شمالی کشمیر کے بارہ مولہ ، سوپور ، پٹن، بانڈی پورہ ، سمبل ، شادی پورہ میں بھی دو سے تین انچ برف ریکارذ کی گئی ہے ۔
کشمیر کے سیاحتی مقامات شہرہ آفاق گلمرگ، یوسمرگ ، سونہ مرگ اور پہلگام میں اچھی خاصی برف ہوئی جس سے وہاں پر موجود سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ سری نگر میں رواں سیزن کی پہلی برف باری ہے۔
سری نگر اور دیگر اضلاع کے میدانی علاقوں میں برف باری سے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے خاص طور پر کسانوں کی جان میں جان آگئی ہے۔
اعجاز احمد نامی ایک باغ مالک نے بتایا: ‘یہ برف باری نہیں بلکہ ہماری زندگی ہے، ہمارے باغ زندہ ہوئے ہیں اور یہ ہمارے لئے باعث خوشی ہے’۔
انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں برف باری نہیں ہوگی تو اس کے کئی شعبوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر برف باری کے لئے بھی دنیا میں اپنی منفرد شناخت رکھتی ہے اور برف باری سے اس کی خوبصورتی مزید نکھرتی ہے۔
سری نگر کے فیاض احمد نامی ایک شہری نے بتایا: بالآخر لوگوں کی دعائیں اور نمازیں رنگ لائیں اور برف باری ہوئی جس سے ہر سو خوشی کا ماحول چھا گیا’۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں برف باری کے بغیر کشمیر میں مزہ ہی کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب پانی کی قلت بھی دور ہوگی اور ہمارے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کا رش بھی بڑھ جائے گا جس سے مختکف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ لوگوں کا روز گار بڑھ جائے گا۔
دریں اثنا تازہ برف باری کے بعد سنتھن شاہراہ اور مغل روڈ پر ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہو کر رہ گئی۔ ٹریفک حکام کے مطابق برف باری کی وجہ سے ان شاہراوں پر پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت کو روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موسم بہتر ہونے کی صورت میں ہی شاہراہ پر گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے میدانی اور بالائی علاقوں میں مزید برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مغربی ہوائیں وادی میں داخل ہو چکی ہے جس کے زیر اثر سری نگر سمیت وادی کے دوسرے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img