خواس/نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمارچودھری نے بلاک خواس کے علاقہ سدامیں ایک عوامی رَسائی کیمپ کا اِنعقاد کیااور اُنہوں نے وہاں مقامی باشندوںسے بات چیت کی اور اُن کے مسائل اور مطالبات کو بغور سُنا۔ لوگوں نے سونی گالہ سے گڈیوگ اور ڈانگیوٹ سے بندی گالہ تک سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ہائی سکول سدا کو ہائیر سیکنڈری سکول میں اَپ گریڈ کرنے سمیت متعدد مسائل اُٹھائے۔نائب وزیر اعلیٰ نے لوگوں کو اُن کے مسائل کے بروقت ازالے کی یقین دہانی کی اور دُور دراز اور دُور افتادہ علاقوں کی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔دورے کے دوران سریندرکمار چودھری نے رُکن قانون ساز اسمبلی جاوید چودھری کی موجودگی میں سدا نالہ کے اوپر منگروٹ میں 45 میٹر لمبے موٹر ایبل پُل کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) سے انجام دیئے جانے والے اِس پروجیکٹ پر 520 لاکھ روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔اُنہوں نے عوام کو یقین دِلایا کہ پُل کا منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا اور اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ تعمیر کے دوران اعلیٰ معیار کو یقینی بنائیں۔لوگوںنے اِس اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبے کے آغاز پرشکریہ اَدا کیا جس سے خطے میں رابطے میں نمایاں بہتری آئے گی۔نائب وزیرا علیٰ نے دیہی علاقوں میں ترقیاتی خلا کو دور کرنے اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے پر حکومت کی توجہ کا اعادہ کیا۔اِس تقریب میں رُکن قانون ساز اسمبلی کوترانکا جاوید چودھری ، ڈی ڈی سی ممبر دھانگری رامیشور سنگھ، ڈِی ڈِی سی موگلہ شمیم اختر، اے ڈی سی کالاکوٹ محمد تنویر، ایس اِی پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) دیوی دیال، ایگزن پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) کالاکوٹ آفتاب اور دوسرے افسران نے شرکت کی۔