اتوار, جنوری ۲۶, ۲۰۲۵
-3 C
Srinagar

وزیر اعلیٰ کا بون اینڈ جوائنٹ اور چلڈرن ہسپتال کا اچانک دورہ

سری نگر:وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز سرینگر میں کلیدی طبی اداروں کا اچانک معائنہ کیا تاکہ مریضوں اور تیمارداروں کو فراہم کی جا رہی سہولیات اور خدمات کے بارے میں خود جانکاری حاصل کی جا سکے انہوں نے بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ کا دورہ کیا، جو کہ خطے کی اعلیٰ آرتھوپیڈک صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات میں سے ایک ہے۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف حصوں اور وارڈز کا دورہ کیا، مریضوں اور تیمارداروں سے بات چیت کی تاکہ ان کے مسائل اور خدشات کو سمجھا جا سکے۔

وزیر صحت سکینہ ایتو، سیاسی صلح کار مدثر شاہ میری ،سینئر فیکلٹی ممبران اور ڈاکٹروں کے ہمراہ، وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے عملے کے ساتھ سردیوں کے انتظامات، علاج کی سہولیات اور طبی پیشہ ور افراد اور پیرامیڈیکس کی دستیابی کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ نے جہلم توی فلڈ ریکوری پراجیکٹ (JTFRP) کے تحت ورلڈ بنک کی فنڈنگ سے تعمیر کئے گئے ہسپتال کے جدید ترین اضافی بلاک کا بھی معائنہ کیا۔اپنے دورے کے دوران، وزیر اعلیٰ نے نئے بلاک کی تکمیل کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جو کہ 2022 میں آتشزدگی کے واقعے کی وجہ سے پیدا ہونے والے کمی سے نمٹنے کے لئے اہم ہے ،جس نے ہسپتال کی 200 بستروں کی اصل گنجائش کو کم کر دیا۔

انہوں نے ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کو ہدایت کی کہ وہ مریضوں کی دیکھ بھال کو بڑھانے کے لئے جنوری 2025 تک اس کے تیزی سے آپریشنل ہونے کو یقینی بنائیں۔اور اس سہولت کو جلد سے جلد عوام کیلئے وقف کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے بمنہ میں 500 بستروں پر مشتمل چلڈرن ہسپتال کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں، تیمارداروں اور ہسپتال عملے سے بات چیت کی۔دورے کے دوران انہوں نے دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں اور تیمارداروں کے قیام کے لئے سرائے (سرائے) کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی تیمارداروں کے قیام کیلئے ایک سرائے تعمیر کی جائے۔ہسپتال کے عملے نے جگہ کی تنگی کی وجہ سے سپر اسپیشلٹی سہولیات کو بڑھانے کے چیلنجوں پر روشنی ڈالی۔

وزیراعلیٰ نے انہیں یقین دلایا کہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گااور ساتھ ہی طبی عملے کی کمی کو دور کرنے کا بھی وعدہ کیا۔

مزید برآں، وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے حکام کو ہدایت کی کہ مریضوں کو ادویات اور دیگر ضروری سہولیات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر صحت سکینہ ایتو، سیاسی صلح کار مدثر شاہ میری، چلڈرن ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، سینئر فیکلٹی ممبران اور دیگر متعلقہ حکام ان کے دوروں کے دوران وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img