نئی دہلی،: مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون امیت شاہ نے بدھ کو ریاستوں میں نکسلی تشدد اور انتہا پسندی اور دہشت گردی سے نمٹنے میں مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے کردار کی تعریف کی۔
مسٹر شاہ نے سی آر پی ایف کے کام کاج میں ہندی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرنے کا مشورہ دیا تاکہ لسانی اتحاد کو تقویت ملے۔ انہوں نے فوجیوں کی بہتر صحت کے لیے شری انا اور آیوروید کے استعمال کی بھی سفارش کی۔ وہ فورس کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لیے دارالحکومت میں سی آر پی ایف ہیڈکوارٹر کا دورہ کر رہے تھے۔
وزارت داخلہ کی ایک ریلیز کے مطابق مسٹر شاہ نے فورس کے ہیڈ کوارٹر میں سینئر افسران سے ملاقات کی اور اس کی آپریشنل اور انتظامی کارکردگی کا جامع جائزہ لیا۔ مرکزی داخلہ سکریٹری سمیت وزارت داخلہ کے کئی سینئر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فورس کے ڈائریکٹر جنرل انیش دیال سنگھ نے وزیر داخلہ کو شہید فورس کے اہلکاروں کے اہل خانہ کے لیے چلائی جارہی مختلف فلاحی اسکیموں کے بارے میں آگاہ کیا جس میں تنظیم میں ہمدردانہ تقرری شامل ہیں۔ اس دوران مسٹر شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں سی آر پی ایف کا ملک میں داخلی سلامتی اور امن کو یقینی بنانے میں اہم کردار ہے۔ مسٹر شاہ نے کہا کہ اس مرکزی پولیس فورس نے نکسل ازم سے نمٹنے اور شمال مشرقی ریاستوں اور جموں و کشمیر میں امن و استحکام کو بحال کرنے میں قابل ستائش کام کیا ہے۔
ریلیز کے مطابق مسٹر امت شاہ نے لسانی اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے فورس کے روزانہ کام میں ہندی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ مسٹر امت شاہ نے فوجیوں کی بہتر صحت کے لیے شری انا (موٹے اناج) کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر زور دینے کے ساتھ ساتھ بہتر صحت کے لیے پراکرت پریکشا ابھیان کے تحت آیوروید کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کے لیے فوجیوں سے بھی زور دیا۔