جموں/وزیر اعلیٰ مسٹر عمر عبداللہ نے آج جموں کے امبفلہ میں سوامی وویکا نند میڈیکل مشن ( ایس وی ایم ایم ) چیریٹیبل اسپتال میں ایم آر آئی اور سی ٹی سکین سینٹر کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ممبر قانون ساز اسمبلی پون گپتا ، صدر ایس وی ایم ایم چیریٹیبل اسپتال انیل گپتا ، سرپرست ڈاکٹر سبھاش گپتا ، صدر جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ارون گپتا ، ہسپتال کی منیجنگ کمیٹی کے ارکان ، فیکلٹی ، عملہ اور دیگر معززین موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے لوگوں کیلئے اس کی غیر معمولی خدمات پر ہسپتال کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ ایس وی ایم ایم چیریٹیبل ہسپتال جیسے ادارے خدمت کے جذبے کی مثال دیتے ہیں ، سستی اور معیاری صحت کی دیکھ بھال فراہم کرتے ہیں ۔ مسٹر عمر عبداللہ نے کہا ہسپتال اپنی خدمات کے لحاظ سے ایک نجی ادارے کی طرح کام کرتا ہے اور سرکاری ہسپتالوں سے بھی کم قیمت وصول کرتا ہے ۔ ہسپتال کے سفر کی عکاسی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ایک کمرے کی ڈسپنسری کے طور پر اس کی عاجزانہ شروعات کو تسلیم کیا اورصحت کی دیکھ بھال کے معروف ادارے میں اس کے ارتقاءکی تعریف کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تبدیلی واقعی قابل ذکر اور قابلِ تعریف ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کے نوزائیدہ سیکشن کی بھی تعریف کی اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ آئی سی یو میں شیر خوار بچوں کی صحت یابی کی شرح متاثر کن 100 فیصد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف ہسپتال بلکہ ان والدین کیلئے بھی اطمینان بخش ہے جن کے بچے یہاں زیر علاج ہیں ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کا ایک چکر لگایا ، مختلف حصوں کا معائینہ کیا اور فیکلٹی ممبران اور مریضوں سے ان کے تجربات اور خدشات کو سمجھنے کیلئے یکساں بات چیت کی ۔ انسانی خدمت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مسٹر عمر عبداللہ نے کہا کہ خدا کی خدمت کیلئے ہمیں انسانیت کی خدمت کرنی چاہئیے ۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال کیلئے اپنی حکومت کی حمایت کا اعادہ کیا اور اس کے صحت کی دیکھ بھال کے اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنی انتظامیہ اور کابینہ کے ساتھیوں کی مدد کا وعدہ کیا ۔