اتوار, جنوری ۱۹, ۲۰۲۵
9.6 C
Srinagar

انجمن اردو صحافت کا پونچھ میں "جدید دور میں صحافت کے بدلتے تقاضے” پر ورکشاپ کا انعقاد

پونچھ: انجمن اردو صحافت نے جموں وکشمیر اردو کونسل کے اشتراک سے پونچھ میں ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا جس کا موضوع "جدید دور میں صحافت کے بدلتے تقاضے” تھا۔ اس پروگرام میں پیر پنجال خطے کے صحافیوں اور ڈگری کالج پونچھ کے طلباء نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا مقصد صحافت کے جدید چیلنجوں پر روشنی ڈالنا تھا، جس میں صحافتی اخلاقیات، بدلتا ہوا صحافتی طریقہ کار اور ڈیجیٹل میڈیا کے اثرات شامل ہیں ۔

مشہور صحافی اور وائس آف امریکہ کے نمائندے یوسف جمیل نے صحافت کے بدلتے منظرنامے پر گفتگو کی اور صحافت میں پیشہ ورانہ سلیقے، غیرجانبداری اور اخلاقی معیار کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے صحافیوں کو اپنی بنیادی ذمہ داریوں پر مرکوز رہنے کی اہمیت پر زور دیا اور غیر ضروری مسائل میں الجھنے سے بچنے کی اپیل کی۔

بی بی سی کے نمائندے ریاض مسرور نےآن لائن موڈ سے ڈیجیٹل رپورٹنگ پر ایک سیشن پیش کیا جس میں روایتی صحافت اور ڈیجیٹل رپورٹنگ کے فرق پر بات کی۔ انہوں نے رپورٹرز کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ ڈیجیٹل رپورٹنگ کے طریقوں کو اپنانے کی ترغیب دی، لیکن ساتھ ہی ساتھ اس بات پر بھی زور دیا کہ میڈیا کی موجودہ دوڑ اور مقابلے سے بچنا چاہیے۔

تصویر:انجمن اردو صحافت

ورکشاپ میں آن لائن موڈ میں کشمیر یونیورسٹی میں شعبہ صحافت کے مدرس ڈاکٹر راشد مقبول نے بھی اپنی رائے دی اور صحافتی رپورٹنگ کی مختلف باریکیوں پر بات کی۔

سینئر صحافی اور سحر عالمی نیٹ ورک ایران کے نامہ نگار سبط محمد حسن نے فیلڈ رپورٹنگ کے اصولوں اور صحافیوں کے لیے اخلاقی رہنمائی پر تفصیلی خطاب کیا۔چارو سیشنوں میں سوال و جوابات کا جاندار سلسلہ چلا۔

انجمن اردو صحافت کے صدر ریاض ملک نے اس بات پر زور دیا کہ انجمن کا مقصد خطے میں صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے، جبکہ نائب صدر عشرت حسین بٹ نے آئندہ پروگرامز اور اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔

تصویر:انجمن اردو صحافت

ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء کو ان کے صحافتی مہارتوں کو بہتر بنانے کی کوششوں کے اعتراف میں سرٹیفکیٹس دیے گئے۔ اردو کونسل کے جنرل سیکریٹری جاوید ماٹجی نے صدراتی خطاب کیا جبکہ ترجمان جاوید کرمانی نے پروگرام میں خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ دیگر اہم شرکاء میں جامعہ ضیاءالعلوم کے نائب سربراہ مولانا سید احمد حبیب بانڈے اورضلع انفارمیشن افسر چیتن شرما شامل تھے۔

یہ پروگرام کامیابی سے مکمل ہوا جس میں جنرل سیکریٹری بلال فارقانی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ ورکشاپ کی میزبانی احتشام حسین محتشم نے کی۔انجمن اردو صحافت جموں کے صوبائی صدر جموں جہانگیر خان، سینئر اراکین شیخ تجمل، ایگزیکٹو ایڈیٹر روزنامہ اُڑان الطاف جنجوعہ ، وسیم حیدری، نثار خان، ظہیر عباس، مظہر خان،محمد ریاض ملک سمیت دیگر صحافی بھی ورکشاپ میں شریک ہوئے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img