سری نگر: جنوبی ضلع پلوامہ کے شادی مرگ علاقے میں نامعلوم افراد نے 50سالہ دکاندار پر تیز آب پھینکا جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور اسے سری نگر منتقل کیا گیا ۔
پولیس نے حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جنوبی ضلع پلوامہ کے شادی مرگ علاقے میں منگل کی شام نامعلوم افرادنے 50سالہ محمدشفیع میر ولد محمد محسن میر ساکن قلم پورہ پلوامہ پر تیز آب پھینک کر راہ فرار اختیار کی۔
معلوم ہوا ہے کہ چیخ و پکار کی صدائیں بلند ہونے کے ساتھ ہی آس پاس موجود لوگ جائے موقع پرپہنچے اور انہوں نے محمد شفیع میر کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں پر ابتدائی مرہم پٹی کے بعد انہیں سری نگرریفر کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ محمد شفیع میر کا چہرہ بری طرح سے جھلس گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایاکہ معاملے کی نسبت راجپورہ پولیس تھانہ میں کیس درج کرکے حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کوکھنگالاجارہا ہے اور بہت جلد ملوثین کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیاجائے گا۔
دریں اثنا اپنی پارٹی کے سربراہ الطاف بخاری نے پلوامہ میں پیش آئے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملوثین کو جلدازجلد سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے کامطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ افسوسناک ہے کہ پلوامہ میں 50سالہ شخص پر تیز آب سے حملہ کیا گیا۔
الطاف بخاری نے کہاکہ وادی کشمیر کو ’پیر ویر‘ ہونے کا شرف حاصل تھا لیکن اب جرائم ودیگر پریشان کن واقعات کی وجہ سے اکثر خبروں میں رہتی ہے۔
انہوں نے اس گھناونے جرم کے مرتکب افرادکو جلدازجلد گرفتار کرنے کامطالبہ کیا۔