منگل, جنوری ۲۱, ۲۰۲۵
9.9 C
Srinagar

اپوزیشن کے ہنگامے کے باعث لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی

نئی دہلی، :  اپوزیشن اراکین کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے آج لوک سبھا کی کارروائی منگل کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔دوپہر 12 بجے جیسے ہی ایوان کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی ، سماج وادی پارٹی، کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار) کے اراکین ایوان کے بیچ میں آگئے اور سنبھل تشدد کے معاملے پر انہوں نے نعرے بازی اور شورو غل شروع کردیا۔

اپوزیشن اراکین کے شور شرابے کے درمیان محترمہ رائے نے ضروری دستاویزات ایوان میں رکھوائے ۔ انہوں نے اپوزیشن اراکین سے اپنی اپنی نشستوں پر جانے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اراکین اپنے اپنے علاقوں کے مفاد عامہ کے اہم مسائل ایوان میں اٹھانا چاہتے ہیں، انہیں ایسا کرنے کا موقع دیا جانا چاہئے ۔ محترمہ رائے کی اپیل کا اپوزیشن اراکین پر کوئی اثر نہیں ہوا اور وہ شور مچاتے رہے۔ اس پر انہوں نے ایوان کی کارروائی منگل کی صبح 11 بجے تک کے لئے ملتوی کر دی۔

قبل ازیں آج صبح 11 بجے جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو اسپیکر اوم برلا نے وقفہ سوالات شروع کرنے کا اعلان کیا اور تلگو دیشم پارٹی کے لکشمی نارائن والمیکی کو سوالات کرنے کے لیے بلایا، لیکن اس دوران اپوزیشن اراکین نے اڈانی کیس پر بحث کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ شروع کردیا۔ .

زبردست ہنگامہ آرائی کے درمیان اسکل ڈولپمنٹ اور انٹرپرینیورشپ کے وزیر مملکت جینت چودھری نے جواب دینا شروع کیا، لیکن ہنگامہ اور بڑھ گیا۔اسپیکر نے اپوزیشن اراکین سے اپیل کی کہ وقفہ سوالات ان کا وقت ہے۔ وقفہ سوالات کی کارروائی جاری رہنے دی جائے اور سب اپنی اپنی نشستوں پر چلے جائیں لیکن ہنگامہ نہیں رکا۔ جس کے بعد اسپیکر نے ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک کے لئے ملتوی کر دی۔

یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img