پیر, جنوری ۲۰, ۲۰۲۵
9.1 C
Srinagar

مذہبی ہم آہنگی وقت کی ضرورت ۔۔۔

بھارت ایک ایسا جمہوری ملک ہے ،جہاں مختلف مذاہب کے لوگ صدیوں سے ایک ساتھ مل جُل کررہ رہے ہیں۔لوگوں کی تہذیب و تمدن ،ثقافت اور زبان مختلف ہونے کے باوجود اکثر لوگ نہ صرف ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر ملک کی سالمیت ،تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے ساتھ آئین کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیںبلکہ مذہبی منافرت سے بالا تر ہو کر کسی بھی بیرونی سازش کو ناکام بنانے کے لئے ہمیشہ متحدنظر آتےہیں۔آج تک جتنے بھی حکمران اور بادشاہ اس ملک میں گزرے ہیں ،انہوں نے صوفیوں ،سنتوں، ریشیوںاور منیوں کی تعلیمات کو ہی آگے بڑھایا اور اس طرح یہ ملک آج بھی اُسی راہ پر گامزن ہے اور یہی وجہ ہے کہ تقسیم ملک کے بعد بھی اس ملک میں گنگا ۔جمنی تہذیب ہر جانب نظر آرہی ہے ۔پاکستان بننے کے باوجود لاکھوں مسلمانوں ،بدھوں اورعیسائیوں نے اسی ملک میں اپنی زندگی گزارنے کو ترجیح دی۔جب ہم دیگر ہمسایہ ممالک کا حال دیکھتے ہیں، تو وہاں ایک ہی مذہب ہونے کے باوجود لوگ ایک دوسرے سے لڑھتے جھگڑتے ہیں اور ایک دوسرے کا خون بہادیتے ہیں ۔اس طرح انسانیت کا خاتمے کررہے ہیں جبکہ انسانیت کو برقرار رکھنے کے لئے تمام مذاہب نے تعلیمات دی ہیں۔
گزشتہ چند برسوں کا اگر ہم سرسری جائزہ لیں، تو اس بات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا ہے کہ یہ ملک تعمیر و ترقی،خود اعتمادی اور خود انحصاری میں دیگر ممالک کی نسبت ہر شعبے میں آگے بڑھ رہا ہے جو کہ ہر ایک وطن پرست انسان کے لئے خوش آئندہ بات ہے۔ اس ملک کو کمزور کرنے اور یہاں فتنہ و فساد برپا کرنے کے لئے مختلف دشمن عناصرزور آزمائی کر رہے ہیں اور اُن کی ہر کوشش ناکام ہورہی ہے۔گزشتہ چندبرسوں کے دورران یہاں مذہبی منافرت پھیلانے کی کوششیں کی گئیں۔ تاہم ان کوششوں کو بھی مل جُل کر ناکام بنایاگیا۔بدقسمتی سے دشمن کی ان کوششوں میں کچھ ایسے سیاستدان اور مذہبی منافرت پھیلانے والے لوگ دانستہ اور غیر دانستہ طور شامل ہو رہے ہیں، جن کو وطن سے زیادہ اپنے مفادات عزیز ہیں۔وہ اپنے زاتی مفادات کو تقویت پہنچانے کی غرض سے ایسے بیانات دے رہے ہیں جن سے نہ صرف ملک کے مفادات کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ بہت سارے مذہبی جنون رکھنے والے افرا د کو دشمن کے خاکوں میں رنگ بھرنے کا موقع فراہم ہورہاہے ۔کبھی مند ر مسجد کی لڑائی کا بہانہ بنایا جارہا ہے اور کبھی رنگ و نسل کی باتیں کی جاتی ہیں جس سے ملک کی مضبوط جمہوری عمارت میں نہ صرف شگاف پڑ رہا ہے بلکہ اُن ملک دشمن طاقتوں کو بھارت مخالف پروپگنڈا کرنے کا خوب موقع ملتا ہے جو اس ملک کو کمزور کرنے کے پیچھے ہمیشہ لگے رہتے ہیں۔ملک کے وزیر اعظم اور ملک کی مختلف مذہبی تنظیموں کے لیڈران کو اس حوالے سے نہایت ہی سنجیدگی اور متانت سے سوچنا چا ہیے اور بغیر کسی پاس و لحاظ کے ان ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے جو مذہبی بنیادوں پر ملک میں بگاڑ پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں اور دشمن کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img